صوبہ خراسان رضوی اور افغانستان کے صوبے ہرات کو ریلوے لائن سے جوڑ دیا گیا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی کا کہنا ہے کہ خواف ہرات ریلوے لائن کا افتتاح تہران اور کابل کے تعلقات میں استحکام کا سبب بنے گا۔
اطلاعات کے مطابق صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے ويڈیو کانفرنس کے ذریعے خواف ہرات ریلوے لائن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا آج کا دن افغانستان اور ایران کی اقوام کے لئے رحمت و گشائش کا دن ہے۔
صدر حسن روحانی نے کہا کہ ہمارے تعلقات تہذیب و افکار کی بنیادوں پر استوار رہے ہيں اور آج "ریلوے لائن" ہمارے درمیان دوستی کے اس رشتے کو اور بھی زيادہ استحکام عطا کر رہی ہے۔
صدر روحانی نے کہا کا تاریخی، ثقافتی اور علاقائی اعتبار سے دونوں اقوام کا ماضی ایک ہے، کہ جنہوں نے تاریخ کے تمام ادوار میں برادری اور اچھی ہمسائيگی کو ہمیشہ اپنے پیش نظر رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تعلقات ہمارے افکار و نظریات اور تہذیب و ثقافت پر استوار رہے ہيں اور آج اس ریلوے لائن کے ذریعے اس میں مزيد استحکام آئے گا۔
اس موقع پر افغانستان کے صدر اشرف غنی نے اپنے خطاب میں خواف ہرات ریلوے لائن کے افتتاح کو ایک تاریخی اور حیاتی اقدام سے تعبیر کیا اور اسے مستقبل میں افغانستان اور اسلامی جمہوریہ ایران کے عوام کی معیشت اور رفاہ کا ذریعہ قرار دیا۔
واضح رہے کہ "خواف ریلوے اسٹیشن " اسلامی جمہوریہ ایران کے صوبے خراسان رضوی کے جنوب مشرق میں اور" روزنک ریلوے اسٹیشن" افغانستان کے مغربی صوبے ہرات میں واقع ہے۔ اس ریلوے لائن کے افتتاح سے دونوں ملکوں کے درمیان سالانہ 6 لاکھ ٹن سامان کے علاوہ دس لاکھ مسافر آمد و رفت کر سکیں گے۔