تمام ممالک ایران کے ساتھ تجارتی و اقتصادی لین دین کریں: اقوام متحدہ
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے عالمی ادارے کے رکن تمام ملکوں سے کہا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو معمول کے مطابق آگے بڑھائیں۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوترش نے جامع ایٹمی معاہدے کے تعلق سے قرارداد بائیس اکتیس پر عملدرآمد کے بارے میں دسویں رپورٹ پیش کی ہے۔ انہوں نے تمام ملکوں اور علاقائی نیز بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ جامع ایٹمی معاہدے پر عملدرآمد کرتے ہوئے ایران کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی سرگرمیاں انجام دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ ایران کے ایٹمی مسئلے کے جامع، طویل المیعاد اور مناسب حل کا بہترین پروگرام ہے اور اس سے علاقائی اور عالمی امن و سلامتی میں بھی مدد ملے گی۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے ایٹمی معاہدے سے امریکہ کی خودسرانہ علیحدگی کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے، جامع ایٹمی معاہدے کے تحت ہٹائی جانے والی پابندیاں واشنگٹن کی جانب سے دوبارہ عائد کیے جانے کو ایٹمی معاہدے اور سلامتی کونسل کی قرارداد بائیس اکتیس کے منافی قرار دیا۔
ایٹمی معاہدے اور قرارداد بائیس اکتیس سے متعلق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی تازہ رپورٹ منگل کو سلامتی کونسل کے اجلاس میں پیش کی جائے گی۔