Jan ۰۱, ۲۰۲۱ ۲۱:۴۹ Asia/Tehran
  • جو بھی ہماری ریڈ لائنوں کے قریب آئے گا، اسے تباہ کن جواب دیا جائے گا: ترجمان وزارت خارجہ

وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ جو بھی ایران کی ریڈ لائنوں کے قریب آئے گا، اسے تباہ کن جواب دیا جائے گا اور ہمارے لیے اس بات کی کوئي خاص اہمیت نہیں ہے کہ وائٹ ہاؤس کی موجودہ حکومت کے ذہن میں کیا نیت اور کیا اقدام ہے، کیونکہ ہم اپنے جواب کی طرف سے پوری طرح مطمئن اور ہر صورتحال کے لیے تیار ہیں۔

سعید خطیب زادے نے فارس نیوز ایجنسی سے بات کرتے ہوئے، اس سوال کے جواب میں کہ اگر وائٹ ہاؤس میں اپنے آخری دنوں میں ٹرمپ یا پھر صیہونی حکومت نے کوئي حماقت کی تو کیا ٹکراؤ کا امکان ہے؟ کہا کہ اس سلسلے میں کچھ تو محض رپورٹیں ہیں لیکن کچھ صحیح بھی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جہاں تک قدس کی غاصب صیہونی حکومت کا تعلق ہے تو یہ حکومت بخوبی جانتی ہے کہ اگر کوئي بھی ایران کی ریڈ لائنوں کے قریب ہوا، تو ایران کا جواب انتہائي تباہ کن ہوگا۔

ترجمان نے کہا کہ قومی سلامتی اور ایرانی قوم کے مفادات و سلامتی کے بارے میں نہ تو ہم کوئي سمجھوتہ کریں گے اور نہ ہی کسی بات کو نظر انداز کریں گے۔

خطیب زادے نے کہا کہ جہاں تک امریکہ کی حرکتوں کی بات ہے تو ہم نے کچھ شیطانیوں اور علامتوں کو دیکھا ہے اور دیکھ رہے ہیں جن کا مقصد اشتعال انگیزی ہے۔

انھوں نے وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے بغیر کسی لگی لپٹی کے صاف صاف الفاظ میں کہہ دیا ہے کہ کسی بھی طرح کی مہم جوئي کے نتائج کی ذمہ داری امریکہ پر ہوگی۔ ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ یقینی طور پر ہم کشیدگي نہیں چاہتے لیکن اسی کے ساتھ ہم اپنے مفادات کی حفاظت کے سلسلے میں پوری طرح سنجیدہ ہیں۔

ٹیگس