Jan ۰۵, ۲۰۲۱ ۰۹:۴۳ Asia/Tehran
  • ایران کی جانب سے کوریا کے بحری جہاز کو روکنے کی وجہ سامنے آ گئی

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کوریا کے بحری جہاز کو حراست میں لینے کی وجہ کو تکنیکی قرار دیا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلی بات تو یہ ہے کہ کورین بحری جہاز کو حراست میں لینے کی وجہ تکنیکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سمندر کو آلودہ کرنے کی وجہ سے عدالت کے حکم  سے جہاز کو ساحل کی طرف موڑ دیا گیا اس لئے کہ اسلامی جمہوریہ ایران بھی دوسرے ممالک کی طرح  اسی طرح کی خلاف ورزیوں، خاص طور پر سمندری ماحول کی آلودگی کے حوالے سے حساس ہے اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اس کیخلاف کارروائی  کرے گا۔

خطیب زادہ نے کہا کہ یہ کوئی غیر معمولی واقعہ نہیں ہے اور ایران اور دیگر ممالک کے پانیوں میں ماضی میں بھی اسی طرح کے واقعات رونما ہوئے جو معمول کی بات ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ اس حوالے سے مزید اطلاعات جلد نشر ہوں گی۔

واضح رہے کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے نیوی کے اہلکاروں نے کل بروز پیر کو خلیج فارس میں جنوبی کوریا سے تعلق رکھنے والے بحری جہاز کو روک کر بندرعباس کی بندرگاہ میں منتقل کردیا۔

ٹیگس