Jan ۱۲, ۲۰۲۱ ۱۹:۰۰ Asia/Tehran
  • ایٹمی سمجھوتے پر عمل کے لئے دوبارہ مذاکرات کی ضرورت نہیں : ربیعی

حکومت ایران کے ترجمان نے امریکہ کی وعدہ خلافیوں اور قانون شکنی روکنے کی ضرورت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایٹمی سمجھوتے پر عمل کے لئے دوبارہ مذاکرات کی ضرورت نہیں ہے -

حکومت ایران کے ترجمان علی ربیعی نے منگل کو ایک پریس کانفرنس میں جوبائیڈن کے برسراقتدار آنے کے بعد امریکہ سے مذاکرات کے امکان کے بارے میں کہا کہ کسی ملک کے فرائض پر عمل درآمد لین دین اور مذاکرات کا موضوع نہیں ہونا چاہئے اور ایران نے بھی بارہا اعلان کیا ہے کہ اگر امریکہ معاہدے پر عمل کرے اور پابندیاں اٹھا لے تو تہران بھی ایٹمی سمجھوتے پر مکمل عمل درآمد شروع کردے گا۔

علی ربیعی نے کہا کہ بعض مغربی ممالک چاہتے ہیں کہ جن موضوعات پر پہلے مذاکرات ہوچکے ہیں اور جن کا ایٹمی سمجھوتے میں ذکر موجود ہے ان پرپھر سے مذاکرات کئے جائیں اورایسا ہونا ناممکن ہے۔

 حکومت ایران کے ترجمان نے  امریکہ کے حالیہ حالات اور کیپٹل ہل پر ٹرمپ کے حامیوں کے حملے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مغرب کی پالیسیوں کی حقیقی شکست امریکی صدارتی انتخابات میں نہیں بلکہ اس دن ہوئی جب ٹرمپ حکومت ، اقوام متحدہ میں ایران کے خلاف شر بپا کرنے میں تنہا پڑ گیا اور اسے تین بار ذلت آمیز شکست کا سامنا کرنا پڑا اور بین الاقوامی عدالت میں بھی اسے اسلامی جمہوریہ ایران کے مقابلے میں منھ کی کھانی پڑی۔

 

ٹیگس