16 جنوری کو ایران میں کورونا کی صورت حال
ایران کی وزارت صحت کی ترجمان نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس میں مبتلا افراد کی حالت مسلسل بہتر ہوتی جا رہی ہے۔
سیما سادات لاری نے کہا ہے کہ ایران میں کورونا وبا سے ہونے والی اموات میں کمی کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران چھیانوے کورونا کے مریض موت سے ہمکنار ہوئے ہیں۔
ایران کی وزارت صحت کی ترجمان سیما سادات لاری نے ہفتے کے روز اعلان کیا ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ایران میں کورونا کے چھے ہزار ایک سو نئے معاملات سامنے آئے جن میں سے پانچ سو آٹھ مریضوں کو اسپتالوں میں داخل اور باقی کو دوائیں اور ضروری طبی ہدایات دے کر گھروں کو واپس بھیج دیا گیا۔
انھوں نے کہا کہ ایران میں کورونا مریضوں کی تعداد تیرہ لاکھ چوبیس ہزار تین سو پچانوے ہو گئی ہے۔
سیما سادات لاری نے افسوس کے ساتھ کہا کہ گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا کے چھیانوے مریض دم توڑ گئے اور اس طرح جاں بحق ہونے والے کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد چھپن ہزار سات سو سترہ ہو گئی ہے۔
ایران کی وزارت صحت کی ترجمان نے کہا کہ ایران میں اب تک کورونا کے گیارہ لاکھ، تیرہ ہزار، دو سو چوبیس مریض صحتیاب اور اسپتالوں سے ڈسچارج ہو چکے ہیں۔
واضح رہے کہ دنیا میں اب تک نو کروڑ چالیس لاکھ سے زائد لوگ کورونا میں مبتلا اور بیس لاکھ سے زائد لوگ اس بیماری میں لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
دو کروڑ چالیس لاکھ سے زائد کورونا مریضوں اور تقریبا چار لاکھ ایک ہزار اموات کے ساتھ امریکہ کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے۔