ایران کیلئے روسی ویکسین کی پہلی کھیپ
Jan ۳۰, ۲۰۲۱ ۱۲:۲۷ Asia/Tehran
روس میں ایران کے سفیر نے کہا ہے کہ روسی ویکسین کی پہلی کھیپ ایران پہنچنے والی ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق روس میں ایران کے سفیر کاظم جلالی نے آج روسی ویکسین سے متعلق ایران اور روس کے مابین ہونے والے سمجھوتے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہونے والے سمجھوتے کے تحت روسی ویکسین کی پہلی کھیپ جمعرات 4 فروری تک ایران پہنچ جائے گی۔
کاظم جلالی نے کہا کہ ویکسین بنانے میں ایران کی توانائی کے پیش نظر روس اور ایران اس نتیجے پر پہنچے کہ ایران میں بھی یہ ویکسین مشترکہ طور پر بنائی جائے۔
روس میں ایران کے سفیر نے کہا کہ روسی ویکسین اسپوتنیک وی کے حوالے سے ابھی تک کوئی منفی رپورٹ سامنے نہیں آئی اور خود روس کے اندر 3 ملین افراد کو کورونا ٹیکے لگائے جا رہے ہیں۔