اسلامی انقلاب کی سالگرہ کا جشن اورعشرہ فجر آپ سب کو مبارک ہو
اسلامی انقلاب کے بانی حضرت امام خمینی رح کی وطن واپسی کے تاریخ ساز دن کے موقع پر ایران میں اسلامی انقلاب کی بیالیسویں سالگرہ کی دس روزہ تقریبات کا باضابطہ آغاز ہوگیا ہے۔
ایران میں اسلامی انقلاب کی سالگرہ اور عشرہ فجر کی تقریبات کا آغاز آج اتوارکی صبح اس تاریخی لمحے سے ہوا جس لمحے ایران کے بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) ایران کی سرزمین پر واپس تشریف لائے۔
واضح رہے کہ حضرت امام خمینی (رح) 42 سال قبل آج ہی کے دن تقریبا پندرہ سال جلا وطنی کی زندگی گزارنے کے بعد ایران واپس تشریف لائے جہاں لاکھوں ایرانی عوام نے آپ کا فقیدالمثال اور تاریخی استقبال کیا۔ ایران میں آپ کے اس تاریخی آمد کے ساتھ ہی اسلامی انقلاب کی کامیابی کا راستہ ہموار ہو گیا۔
حضرت امام خمینی(رح) کی وطن واپسی کے محض دس روز بعد ایران کا عظیم اسلامی انقلاب کامیابی سے ہمکنار ہوا تھا اسی بات کو مد نظر رکھتے ہوئے ایران میں ہرسال ان ایام میں "عشرہ فجر" کے نام سے اسلامی انقلاب ایران کی سالگرہ کی دس روزہ تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے تاہم اس سال کورونا وائرس کی وجہ سے طبی اصولوں کو مد نظر رکھ کر تقریبات منعقد کی جائیں گی۔
سحرعالمی نیٹ ورک عشرہ فجر کے موقع پر اپنے تمام سامعین، ناظرین، کرم فرماوں اورانقلاب اسلامی کے شیدائیوں کی خدمت میں مبارکباد پیش کرتا ہے۔