Feb ۰۲, ۲۰۲۱ ۲۰:۰۳ Asia/Tehran
  • تین سو منصوبوں کا آنلائن افتتاح

صدر ایران نے ملک بھر میں تین سو سے زائد تعلیمی، ثقافتی اور سیاحتی منصوبوں کا آنلائن افتتاح کیا ہے۔

صدر ایران ڈاکٹرحسن روحانی نے جن منصوبوں کا افتتاح کیا ہے ان میں ایک سو تراسی اسکولوں میں کھیلوں اور ورزش کی سہولیات اور ایک سو پینتیس سیاحتی منصوبے شامل ہیں۔ ان منصوبوں کے افتتاح سے ایک ہزار سات سو سے زائد افراد کو براہ راست روزگار بھی فراہم ہو گا۔ 

 صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے آن لائن افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محکمہ تعلیم کو ملک کا انتہائی اہم شعبہ قرار دیا جو تقریبا ایک کروڑ چالیس لاکھ طلبہ وطالبات کی تعلیمی ذمہ داریاں اپنے کاندھے پر اٹھائے ہوئے ہے۔  صدر ایران نے کہا کہ کورونا کے باعث اسکولوں کی بندش کی وجہ سے یہ سال ہمارے طلبہ کے لیے انتہائی سخت سال ہے۔

صدر ایران کا کہنا تھا کہ پچھلے دس ماہ کے دوران دو ہزار چار سو سے زائد تعلیمی منصوبوں اور چودہ ہزار آٹھ سو سے زائد کلاسوں کا افتتاح کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم جہاں آن لائن تعلیم پر بھرپور توجہ  دے رہا ہے وہاں تعلیمی اداروں، کھیل  کے میدانوں اور اس مقصد کے لیے مختص کیے جانے والے مقامات کی تعمیرنو میں بھی مصروف ہے۔ 

ڈاکٹر حسن روحانی نے سیاحت کو ملکی معیشت کا اہم ترین شعبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پچھلے تین برسوں کے دوران ملک میں دو ہزار دو سو سے زائد سیاحتی منصوبوں کا افتتاح کیا گیا۔ 

ٹیگس