Feb ۰۹, ۲۰۲۱ ۱۷:۱۸ Asia/Tehran
  • ایران کے وزیر صحت نے اپنے بیٹے کو کورونا ویکسین دی، صدر روحانی نے سراہا

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کورونا ویکسین کی درآمدات کے تناظر میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو جان لینا چاہئے کہ حکام جو کرتے ہیں اس پر وہ اعتماد و یقین رکھتے ہیں۔

صدر حسن روحانی نے منگل کو ایران میں کورونا ویکسین کی ٹیکہ کاری مہم کے آغاز پر وزیر صحت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلی کورونا ویکسین آپ کے بچے کو لگائی جا رہی ہے اور یہ تمام لوگوں کے لئے واضح پیغام ہے کہ حکام اگر کوئی ویکسین درآمد کر رہے ہیں تو اس پر اعتماد رکھتے ہیں اور خود اس کو لگوانے کے لئے تیار ہیں۔ 

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ انہوں نے خود ویکسین لگوانے کے لئے آمادگی ظاہر کی ہے کہا کہ بلاشبہہ بچہ جان سے بھی زیادہ پیارا ہوتا ہے اور وزیرصحت نے ویکسین لگوانے کے لئے اپنے بچے کا انتخاب کر کے واضح کر دیا کہ عوام کو  ویکسین کے استعمال میں کسی طرح کا شک و شبہہ نہیں ہونا چاہئے۔

صدر مملکت نے کہا کہ عوام کے مختلف طبقوں کے درمیان اس ویکسین کے سلسلے میں اعتماد پیدا کرنے کے لئے انہوں نے خود پہلے مرحلے میں ویکسین لگوانے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ 

دوسری جانب صدر روحانی کے حکم سے پورے ایران میں روسی ویکسین "اسپوٹنک وی" کی ٹیکہ کاری کا پہلا مرحلہ بھی شروع ہو گیا ہے۔ ایران کی وزارت صحت کے ترجمان کیانوش جہانپور کا کہنا ہے کہ ہر روز ایک ہزار افراد کو ویکسین لگائی جائے گی اور پھر اس کے اثرات کا مکمل طور سے جائزہ لینے کے بعد اس عمل کو تیز رفتاری کے ساتھ انجام دیا جائے گا۔

 

ٹیگس