Feb ۱۴, ۲۰۲۱ ۱۸:۳۹ Asia/Tehran
  • ایران اور افغان سرحد پر کسٹم کے احاطے میں آتشزدگی، ایرانی عہدیدار کا دورہ ہرات

ایران کے صوبے خراسان رضوی کے گورنر نے ایران و افغانستان کی سرحد پر پیش آنے والے حادثے سے متعلق امداد کی ترسیل اور اس علاقے کا معائنہ کرنے کے بعد افغانستان کے علاقے اسلام قلعہ کے کسٹم آفس میں افغانستان کے صوبے ہرات کے گورنر سے ملاقات کی۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق ایران کے صوبے خراسان رضوی کے مشرق میں واقع تایباد کی دوغارون سرحد کے اس پار اسلام قلعہ کے محکمہ کسٹم کی تنصیبات میں آگ لگنے اور پھر آگ کو کنٹرول کرنے کے لئے افغانستان کے صوبے ہرات کے گورنر کی جانب سے کی جانے والی درخواست کے بعد صوبے خراسان رضوی کے گورنر محمد صادق معتمدیان نے اس علاقے کا دورہ کیا۔

اس موقع پر خراسان رضوی کے گورنر اور ہرات کے گورنر کے درمیان ہونے والی ملاقات میں فریقین نے اس حادثے کے اسباب کا جائزہ لیا اور ہرات کے گورنر نے ایران کی جانب سے فراہم کی جانے والی امداد کی بھرپور قدردانی کی۔

ہرات کے گورنر کی درخواست پر ایران کی جانب سے کئی امدادی ہیلی کاپٹر، عملے کے ساتھ فائربریگیڈ کی گیارہ گاڑیاں نیز اکیس ایمبولینس روانہ کردی گئی تھیں۔ واضح رہے کہ ہفتے کے روز پیش آنے والے آتشزدگی کے اس واقعے میں سیکڑوں کی تعداد میں ایکسپورٹ کے لئے مال بردار بڑی بڑی گاڑیاں جل خاکستر ہو گئیں اور بھاری نقصان ہوا۔

ٹیگس