Feb ۱۷, ۲۰۲۱ ۱۹:۳۲ Asia/Tehran
  • بحر ہند میں ایران روس مشقوں کا دوسرا دن

شمالی بحر ہند میں جاری ایران روس مشترکہ بحری مشقوں کے دوسرے مرحلے میں اغوا شدہ بحری جہاز کو آزاد کرانے اور آگ بجھانے کی مشقیں انجام دی گئیں۔

ایران کی بری فوج کے تعلقات عامہ کے مطابق، فوجی مشقوں کے ترجمان ریئرایڈمرل غلام رضا طحانی نے بتایا ہے کہ مشترکہ مشقوں کے دوسرے روز طے شدہ سیناریو کے مطابق بین الاقوامی سمندری حدود میں سفر کرنے والے دو بحری جہازوں کو قزاقوں سے چھڑانے کی مشق انجام دی گئی جس میں ایران اور روس کے بحری جہازوں کے ساتھ ساتھ ہیلی کاپٹروں اور ڈرون طیاروں نے بھی حصہ لیا۔

ریئر ایڈمرل طحانی کا کہنا تھا کہ مشقوں کے اس مرحلے میں تجارتی جہازوں کی جانب سے چابہار میں قائم ایم آر سی سی مرکز کو مدد کا پیغام بھیجا گیا جس کے بعد ایرانی بحریہ نے اپنا ایک ہیلی کاپٹر صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے علاقے میں روانہ کیا اس کے بعد ایرانی بحریہ کے تباہ کن جہاز جماران کی سرکردگی میں ایران اور روس کے مشترکہ بحری بیڑے نے علاقے میں آپریشن کا آغاز کیا۔

انہوں نے کہا کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی اور روسی بحریہ کے چھاتہ برداروں نے فضا سے اغواشدہ بحری جہازوں کے عرشے پر اتر کر پہلے پوزشینیں سنبھالیں اور پھر بحری قزاقوں کو قابو میں کر کے جہاز اور عملے کے ارکان کو رہا  کرالیا۔

بحری مشقوں کے ترجمان نے واضح کیا کہ طے شدہ سیناریو کے مطابق، آپریشن کے دوران بحری قزاقوں کو گرفتار اور ان کے ذریعے آپریشن کو ڈیلے کرنے کی غرض سے جہازوں میں لگائی جانے والی آگ کو بجھایا گیا، سانحے میں زخمی ہونے والوں کو طبی امداد فراہم کی گئی، اور آخر میں آزاد ہونے والے بحری جہازوں کو محفوظ بندرگاہ تک پہنچانے کی مشق کامیابی کے ساتھ انجام دی گئی۔

گزشتہ روز ایرانی اور روسی بحریہ کے جہازوں نے تباہ کن ایرانی بحری جہاز جماران کی قیادت میں مختلف طرح کے راکٹوں اور میزائیلوں کے ذریعے سمندر کی سطح پر موجود فرضی  دشمن کے بحری جہازوں اور فلوٹنگ یونٹوں کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنا کر تباہ کردیا تھا۔

بعد ازاں ایرانی اور روسی بحریہ  کے جہازوں نے خطے میں خطرات کو سامنے رکھتے ہوئے صف بندی اور آگے بڑھنے کی مشقیں انجام دی تھیں۔

قابل ذکر ہے کہ ایران اور روس کی کمبائن میری ٹائم مشقیں منگل کے روز شمالی بحر ہند کی آزاد سمندری حدود میں شروع ہوئی تھیں اور آج شام اپنے اہداف کی تکمیل کے بعد ختم ہوگئیں۔  

ٹیگس