Feb ۲۵, ۲۰۲۱ ۰۹:۲۲ Asia/Tehran
  • روز پدر مبارک ہو

آج روز پدر ہے اور ایران سمیت دنیا کے کئی ممالک میں اس دن کی مناسبت سے مختلف قسم کی تقریبات منعقد ہوتی ہیں۔

مولود کعبہ، جانشین پیغمبر، فاتح خیبر و خندق، مولائے متقیان، مولی الموحدین، مولا امیرالمومنین حضرت علی بن ابیطاب علیہ الصلواۃ و السلام کی ولادت باسعادت کے دن کو اسلامی جمہوریہ ایران میں والد یا پدر کے دن  کے طور پر شایان شان طریقے سے منایا جاتا ہے۔ اس روز بچے اپنے والد کو پھولوں کا گلدستہ پیش کرتے ہیں، تحفے اور تحائف دیتے ہیں اور انکی انتھک محنت کی قدردانی کرتے ہیں۔

اسلامی جمہوریہ ایران میں 13 رجب کے دن کو اس لئے روز پدر کا نام دیا گیا ہے کہ اس دن کا تعلق اسلامی تاریخ کی اس درخشاں ہستی سے ہے کہ جن کا کردار ہر اعتبار سے نمایاں اور ممتاز رہا ہے۔ آپ اس دنیا میں تشریف لائے تو کعبہ میں، اور مولود کعبہ کہلائے۔ سب سے پہلے جس ہستی کو دیکھا وہ رسالت مآب (ص) ہی تھے۔ آپ (ص) کے سایہ عاطفت میں ہی گھٹنوں کے بل چلے اور آغوشِ رسالت میں نشوونما پا کر بالآخر میدان جہاد کے شہسوار بنے۔

مولودِ کعبہ نے کائنات کی ہرشے کو اسلام کی ہی روشنی میں دیکھا۔ درسگاہِ نبوی میں تعلیم و تربیت پائی۔ معلم انسانیت جیسا معلم و مربی ملا۔ رہنے کو نبوت کا گھرانہ اور بود و باش کے لئے سرزمینِ وحی ملی۔ قرآنی آیات کی شانِ نزول کے چشم دید گواہ بنے۔

حضرت علی ابن ابیطالب علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کا جشن اور روز پدراسلامی جمہوریہ ایران سمیت دنیا کے کئی ممالک میں انتہائی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ ایران کی سرکاری اور نجی عمارتوں، مساجد، امام بارگاہوں اور تمام مقدس مقامات نیز سڑکوں کو انتہائی خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے- عاشقان حیدر کرار جگہ جگہ لوگوں میں مٹھائیاں تقسیم کر رہے ہیں-

سحرعالمی نیٹ ورک جشن مولود کعبہ، جانشین پیغمبر، فاتح خیبر و خندق، مولائے متقیان، مولی الموحدین، مولا امیرالمومنین حضرت علی بن ابیطاب علیہ الصلواۃ و السلام اور روز پدر کے اس پر مسرت موقع پر اپنے تمام سامعین، ناظرین اور چاہنے والوں کی خدمت میں دل کی گہرائی سے ہدیہ تبریک و تہنیت پیش کرتا ہے۔

ٹیگس