غدیر فری وے کی تعمیر دشمن کے دباؤ کی ناکامی کا ایک اور ثبوت
ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ غدیر فری وے کی تعمیر ایران کے خلاف دباؤ ڈالے جانے کی دشمن کی پالیسی کی شکست کا مظہر ہے۔
صدرمملکت نے جمعرات کے روز غدیر فری وے کی افتتاحی تقریب سے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ اس پروجیکٹ پر عمل درآمد سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ اقتصادی جنگ، پابندیوں اور زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالے جانے کے باوجود دشمن کو شکست ہوئی ہے۔
انھوں نے مولائے متقیان مولا امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کو یہ شکست و ناکامی، رہبر انقلاب اسلامی کی رہنمائی اور ایرانی قوم کے صبر و تحمل کے نتیجے میں ملی ہے۔
صدر ایران نے کہا کہ خاص طور سے ان تین برسوں میں ایرانی قوم نے نہایت ہی صبر و تحمل کے ساتھ استقامت کا مظاہرہ کیا۔
انھوں نے غدیر فری وے کی تعمیر کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ غدیر فری وے، مشرق سے مغرب اور مغرب سے جنوب تک ٹرانزت کا ایک راستہ اور درحقیقت شاہراہ ریشم کا ایک حصہ ہے۔
قابل ذکر ہے کہ مولائے متقیان مولا امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کے موقع پر صدر مملکت نے غدیر فری وے کے انتہائی اہم تعمیری قومی پرجیکٹ کا افتتاح کیا ہے۔