Mar ۰۴, ۲۰۲۱ ۱۶:۴۸ Asia/Tehran
  • ایرانی ویکسین کا ہیومن ٹرائل انتہائی کامیاب

ایرانی ویکسین کووڈ نائنٹین کے کلینیکل ریسرچ کے سربراہ محمد رضا صالحی نے کہا ہےکہ ایرانی کورونا ویکسین کوو ایران برکت کا پہلا ہیومن ٹرائل بہت ہی کامیاب رہا ہے اس درمیان روسی ویکیسین کی تیسری کھیپ بھی ایران پہنچ رہی ہے -

ایرانی ویکسین کووڈ نائنٹین کے کلینیکل ریسرچ کے  سربراہ محمد رضا صالحی نے سرکاری خبررساں ایجنسی ارنا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ اب تک چوالیس سے زائد رضاکاروں پر انجام دئے گئے  ایمونوجینسٹی ٹیسٹ کے نتائج سامنے آچکے ہیں جو ہماری توقعات سے کہیں زیادہ بہتر رہے ہیں -

انہوں نے کہا کہ اگرچہ پہلے مرحلے کے ٹیسٹ کے نتائج بہت ہی حوصلہ افزا رہے ہیں لیکن حتمی نتائج کے حصول کے لئے ہمیں مزید چند روز انتظار کرنا ہوگا تا کہ سبھی رضا کاروں کے ٹیسٹ کے اطمینان بخش جواب سامنے آجائیں ۔

ڈاکٹر محمد رضا صالحی نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ اس ویکسین کے ہیومن ٹرائل کے دوسرے مرحلے کے لئے ہم تیاری کررہے ہیں کہا کہ اس بات کا قوی امکان ہے کہ مارچ کے تیسرے ہفتے میں ہم کوو ایران برکت نامی ویکسین کے دوسرے مرحلے کے ہیومن ٹرائل میں داخل ہوجائیں گے اور یہ کام ملک کی متعدد میڈیکل یونیورسٹیوں اور طبی مراکز کے تعاون سے انجام پارہا ہے - ان کا کہنا تھا کہ آئندہ چند روز کے دوران اس مرحلے کے حتمی نتائج کا مکمل جائزہ لیا جائے گا اور پھر ایران کی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی اور وزارت صحت کو اس کی رپورٹ پیش کردی جائے گی جو بعد والے مرحلے کے لئے اجازت نامہ صادر کرے گی -

واضح رہے کہ ایران میں تیار کی جانے والی کوو ایران  برکت نامی کورونا ویکسین کا ہیومن ٹرائل جنوری کے آغاز میں شروع ہوا تھا اور پہلے مرحلے میں تین رضاکاروں کو یہ ٹیکا لگایا گیا تھا اس کے بعد مجموعی طور پر رضا کاروں کی  تعداد پچاس سے زائد ہوگئی جن میں اٹھارہ سال سے چھپن سال کی عمر کے لوگ شامل ہیں -

اس درمیان روسی ویکسین اسپوٹنک وی کی تیسری کھیپ بھی  ایران پہنچ رہی ہے-  ماسکو میں ایران کے سفیر کاظم جلالی نے بتایا کہ روسی ویکیسین کی تیسری کھیپ جمعرات کو تہران پہنچ رہی ہے ان کا کہنا تھا کہ یہ کھیپ ایران کی ماہان ایرلائن سے تہران روانہ کی جارہی ہے انہوں نے کہا کہ جلد ہی روسی ویکسین کی ایران اور روس مل کر مشترکہ پرڈکشن لائن کا افتتاح کرنے والے ہیں جس کے بعد ایران نہ صرف اپنی ضروریات کو پورا کرے گا  بلکہ ہمسایہ ملکوں کو بھی یہ ویکسین فراہم کرے گا-

ٹیگس