وقت پر امریکہ کی ہڈیاں ٹوٹنے کی آواز سنی جائے گی، جنرل قاآنی
ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی قدس فورس کے کمانڈر نے کہا ہے کہ وقت پر امریکہ کی ہڈیاں ٹوٹنے کی آواز سنی جائے گی۔
سرداراسماعیل قاآنی نے ایران کے خلاف عراق کی صدام حکومت کی مسلط کردہ جنگ کے دوران خیبر اور بدر فوجی کاروائیوں کے شہدا کی یاد میں منعقدہ ایک پروگرام سے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ امریکہ نے حاج قاسم سلیمانی کو شہید کر کے پوری دنیا پر خود کے مجرم ہونے کو ثابت کر دیا۔
انھوں نے کہا کہ مجرم امریکہ کی ہڈیاں توڑ کر رہیں گے اور وقت پر امریکہ کی ہڈیاں ٹوٹنے کی آواز بخوبی سنی جائے گی۔
انھوں نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا میں کیل کانٹوں اور مختلف قسم کے ہتھیاروں سے لیس مستکبرین کے مقابلے میں امام خمینی رح کے مکتب کے اساتذہ کی زیرنگرانی تحریک مزاحمت کی نہتی قوتوں کی دلیرانہ استقامت نہایت قابل ستائش ہے۔
سپاہ قدس کے کمانڈر نے کہا کہ فلسطین کی مزاحمتی قوتیں اور اسی طرح یمنی جیالے، جو خالی ہاتھ اور محاصرے اور پابندیوں کے باوجود میزائل تیار کر رہے ہیں اور سعودی اتحاد کی جارحیت کے جواب میں سعودی عرب کو اندر تک نشانہ بنا رہے ہیں، یہ سب امام خمینی رح اور اسلامی انقلاب کے شہدا کے مکتب کے پیروکار ہیں۔
انھوں نے تاکید کے ساتھ کہا کہ امریکہ و اسرائیل جیسے مستکبرین، اب پہلے سے کہیں زیادہ کمزور ہو چکے ہیں اور دنیا کے تمام ذرائع اپنے اختیار میں رکھنے کے باوجود اسرائیل اپنے بچاؤ میں اپنے گرد ایک میٹر چوڑی اور چھے میٹر اونچی دیوار بنانے پر مجبور ہو گیا ہے۔