Mar ۱۶, ۲۰۲۱ ۱۷:۵۷ Asia/Tehran
  • تیسری ایرانی کورونا ویکسین کی انسانی آزمائش کا آغاز

آئندہ موسم بہار تک ایران دنیا میں ویکسین تیار کرنے والا بہترین اور اہم ترین ملک بن جائے گا۔ یہ بات ایران کے وزیر صحت ڈاکٹر سعید نمکی نے نئی کورونا ویکسین کے کلینکل ٹرائل کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہوئے کہی۔

منگل کے روز تہران میں ایرانی ماہرین کی تیار کردہ نئی کورونا ویکسین فخرا ایک کی انسانی آزمائش کے پہلے مرحلے کے آغاز کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سعید نمکی نے کہا کہ آج ہم فخر سے یہ بات کہہ سکتے ہیں کہ تمامتر پابندیوں کے باوجود ایران دنیا میں کورونا مینجمنٹ کے حوالے سے بہترین ملک کے طور پر سامنے آیا ہے۔

ڈاکٹر سعید نمکی نے کورونا وبا کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے ایران اور امریکہ کے درمیان موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ، رہبر انقلاب اسلامی کی مدبرانہ ہدایات کی روشنی میں ایران کورونا وبا کو کنٹرول کرنے میں کامیاب رہا ہے جبکہ امریکہ اب تک ایسا کرنے میں ناکام رہا ہے۔

ایران کے وزیر صحت نے کورونا ویکسینیشن پروگرام کے حوالے سے کہا کہ ہم اس معاملے میں نمائشی عجلت سے کام لینا نہیں چاہتے البتہ رسک گروپ میں شامل لوگوں کی ویکسینیشن اور بہترین ویکسین کی فراہمی کے حوالے سے پوری تندہی اور تیزی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موسم سرما کے اختتام تک رسک گروپ میں شامل لوگوں کی بڑی تعداد کو کورونا ویکسین لگانے کا عمل مکمل ہوجائے گا۔

قابل ذکر ہے کہ ایرانی ماہرین کی تیار کردہ تیسری کورونا ویکسین فخرا ایک کی انسانی آزمائش اور کلینکل ٹرائل کا آغاز آج منگل سے شروع ہوگیا ہے۔ یہ ویکسین ایران کی وزارت دفاع کے محکمہ جدیدکاری اور تحقیقات نے تیار کی ہے اور قابل فخر ایرانی سائنسدان شہید محسن فخری زادے اسی ادارے کے سربراہ تھے۔

فخر ایک ویکسین کے پروجیکٹ ڈائریکٹر احمد کریمی نے انسانی آزمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ کووڈ انیس کی ویکسین تیار کرنے کا کام گزشتہ برس شروع کیا گیا تھا۔انہوں نے کورونا ویکسین کی تیاری کے مختلف فنی مراحل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس مقصد کے لیے پینتیس ہزار ایرانی مریضوں کے جسم سے کورونا وائرس کے نمونے جمع کیے گئے اور پھر انہیں کلٹی ویٹ کرنے کے بعد ویکسین کے لیے سب سے بہترین نمونے کا انتخاب کیا گیا۔احمد کریمی نے واضح کیا کہ نمونوں کے حصول سے لے کر ویکسین کے حصول اور حیوانی آزمائش تک کے تمام مراحل کم ترین مدت میں مگر بہترین معیاروں کے مطابق انجام دیئے گئے۔

فخرا ویکسین کے پروجیکٹ ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ لیب ٹرائل اور چھے سو پچاس مختلف حیوانات پر اس کی آزمائش کے نتیجے میں اس ویکسین کے محفوظ اور موثر ہونے کا پورا اطمینان حاصل ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ فخرا ویکسین کی تیاری کے ساتھ ساتھ اس کی پیداوار کے لیے کارخانہ کی تعمیر بھی شروع کردی گئی ہے اور امید ہے کہ موسم گرما تک اس کی پیداوار شروع ہوجائے گی۔

 

ٹیگس