ایران اور امریکہ کے بالواسطہ مذاکرات ماہرین کی سطح پر آئندہ بدھ کو عمان میں ہوں گے: ایرانی وزیر خارجہ
ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے اٹلی میں ایران امریکہ بالواسطہ مذاکرات کے دوسرے دور کے بعد کہا ہےکہ ماہرین کی سطح پر بدھ کے دن عمان میں مذاکرات ہوں گے
سحرنیوز/ایران: ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے اٹلی کے دارالحکومت روم میں ہونے والے مذاکرات کے دوسرے دور کے بارے میں کہا کہ یہ مذاکرات تقریباً چار گھنٹے تک جاری رہے ۔ وزیر خارجہ نے مستقبل کے حوالے سے ان مذاکرات کو اچھا قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم متعدد اہداف کے حوالے سے افہام و تفہیم تک پہنچنے میں کامیاب رہے اور طے پایا ہے کہ مذاکرات جاری رہیں گے اور اگلے مرحلے میں داخل ہوں گے۔ تاکہ تکنیکی ماہرین کی ملاقاتیں شروع ہو سکیں۔سید عباس عراقچی نے کہا کہ ماہرین کی سطح پر تکنیکی مذاکرات عمان میں بدھ سے شروع ہوں گے۔ ہم اگلے ہفتے عمان میں دوبارہ ملیں گے۔انہوں نے کہا کہ مذاکرات تعمیری ماحول میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ اگلے ہفتے، تکنیکی ملاقاتوں کے بعد، ہم کسی معاہدے تک پہنچنے کے امکان کا فیصلہ کرنے کے لیے بہتر پوزیشن میں ہوں گے، لیکن ہم اب بھی محتاط ہیں۔

دوسری جانب ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ دو سینیئر مذاکرات کاروں کی سطح پر بالواسطہ بات چیت اگلے ہفتے جاری رہے گی۔ ایرانی کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ایکس پر لکھا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان بالواسطہ مذاکرات عمان کے وزیر خارجہ کی ثالثی میں تعمیری ماحول میں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ فریقین نے اگلے چند دنوں میں تکنیکی سطح پر بالواسطہ بات چیت دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے ۔