مغربی ایشیا میں بدامنی کا ذمہ دار امریکہ، محمد جواد ظریف
ایران کے وزیر خارجہ نے مغربی ایشیا میں بین الاقوامی مداخلت کو بدامنی اور عدم استحکام کا باعث قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے علاقے میں امریکہ کی مداخلت مزید بدامنی اور عدم استحکام کا موجب بنی ہوئی ہے۔
ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے منگل کے روز ڈائیلاگ فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے علاقے میں امریکہ کے تخریبی اقدامات، جنگ تک محدود نہیں ہیں اور ایرانی قوم کے خلاف امریکہ کی اقتصادی جنگ مختلف مسائل و مشکلات منجملہ کورونا کے خلاف مہم میں رکاوٹ کا باعث بنی ہے۔
انھوں نے کہا کہ ایران، تمام پڑوسیوں کے ساتھ مذاکرات کے لئے آمادہ ہے اور علاقے کا مستقبل بنانے کے لئے اغیار کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے نیا علاقہ تعمیر اور انسانی، سماجی اور اقتصادی ترقی کی راہ ہموار کی جاسکتی ہے۔
انھوں نے کہا کہ علاقائی سطح پر مسائل کے حل اور ماحول کو پرامن بنانے کے لئے علاقے کی قوموں کے درمیان مذاکرات کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے اپنے ایک اور بیان میں ہرمز امن منصوبے کے تحت علاقائی سطح پر ایران کی جدت عمل پر بھی تاکید کی۔