امریکہ کی سابق حکومت کی غلطیوں کا ازالہ سب کے مفاد میں ہو گا، ڈاکٹر حسن روحانی
ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ امریکہ کی سابق حکومت کی غلطیوں کی تلافی صرف ایران ہی نہیں بلکہ خود امریکہ، علاقے اور بین الاقوامی تنظیموں کے بھی مفاد میں ہے۔
صدر مملکت نے منگل کے روز پانی اور بجلی کے مختلف منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ شدید اقتصادی جنگ اور کورونا وبا کے حالات میں ایران کے ان منصوبوں کے افتتاح سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ ایرانی قوم، نوجوان اور ایرانی دانشوروں نیز انجینئروں کی جانب سے توانائی اور خلاقیت کا مظاہرہ بدستور جاری ہے۔
ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ امریکہ کی سابق مجرم حکومت نے اپنے دہشت گردانہ منصوبے کے ذریعے ایرانی قوم پر شدید بڑا ظلم کیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ امریکہ کی موجودہ حکومت نے بارہا سابق حکومت کی غلطیوں کا اعتراف کیا ہے لیکن عمل کے میدان میں دو ماہ کا عرصہ گزرجانے کے باوجود ان غلطیوں کے ازالے میں کسی بھی طرح کے اقدام کا مشاہدہ نہیں کیا گیا ہے اور صرف باتیں کی جاتی رہی ہیں۔ صدر ایران نے امید ظاہر کی کہ امریکہ کی حکومت، عقل و منطق اور قانون کا راستہ اختیار کر کے عملی طور پر اقدامات انجام دے گی۔
انھوں نے کہا کہ رواں ایرانی سال، ایرانیوں پر بہت سخت گزرا ہے اور امریکہ کے دہشت گردانہ اقدامات کے نتیجے میں جو کہ بدستور جاری ہیں، ایران کی بہت سی اقتصادی منصوبوں اور درآمدات و برآمدات سے متعلق سرگرمیاں مسائل و مشکلات سے دوچار ہوئی ہیں یہاں تک کہ ایران کو کورونا ویکسین کی خریداری تک میں بندشوں کا سامنا ہے۔