ایرانی عوام کے خلاف امریکا کی یکطرفہ و ظالمانہ پابندیاں اقتصادی دہشت گردی کا واضح نمونہ ہیں؛ ایران کی مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر کا بیان
ایران کی مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کو تباہ کن عالمی خطرہ قرار دیتے ہوئے تاکید کی ہے کہ بعض ممالک خارجہ پالیسی کے مقاصد کو آگے بڑھانے کے لئے دہشت گردی کا سہارا لے رہے ہیں۔
ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر ڈاکٹرمحمد باقر قالیباف نے ایران کے پڑوسی ملکوں منجملہ افغانستان ، ترکی، چین، روس اور پاکستان کے پارلیمانی اسپیکروں کی چوتھی کانفرنس سے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ کووڈ نائنٹین کی مانند دہشت گردی بھی بے گناہوں کی جان لینے کے لئے کسی سرحد تک محدود نہیں ہے۔
انھوں نے کہا کہ ایک عالمی تباہ کن خطرے کی حیثیت سے انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف اصولی مہم اس بات کی متقاضی ہے کہ مسائل پیدا کرنے والے ممالک اور ان کے حامی ملکوں کے نظریات اور ان کی وجوہات کا پتہ لگا کر ان کا مقابلہ کیا جائے۔
محمد باقر قالیباف نے تاکید کی کہ دنیا کے مختلف ملکوں اور علاقوں منجملہ ایرانی عوام کے خلاف امریکہ کی یکطرفہ و ظالمانہ پابندیاں اقتصادی دہشت گردی کا واضح نمونہ ہیں۔
ایران کے پارلیمانی اسپیکر نے افغانستان کے بارے میں بھی افغانستان اور پورے علاقے سے بیرونی فوجیوں کے انخلا کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران کی پالیسی افغانستان کے آئین اور عوامی رائے کی بنیاد پر تشکیل پانے والی حکومت کی حمایت پر استوار ہے۔
انھوں نے کہا کہ ایران، علاقے میں پائیدار امن و ترقی میں اپنا بنیادی کردار ادا کرنے کے لئے آمادہ ہے۔