Mar ۲۹, ۲۰۲۱ ۰۲:۰۱ Asia/Tehran
  •  ایران میں دہشت گردی کی کارروائی ناکام، ایک دہشت گرد ہلاک، دوسرا گرفتار

ایران کے سیکورٹی اداروں نے جنوب مغربی صوبے خوزستان کے شہر شوش میں دہشت گردی کی کوشش ناکام بنادی۔

خوزستان کی سپاہ ولی عصر کے جاری کردہ بیان کے مطابق اتوار کی صبح سویرے دہشت گرد گروپ حرکت النضال کے مسلح عناصر نے شوش سٹی میں واقع فوجی اور انتطامی مراکز پر فائرنگ اور اندر داخل ہونے کی کوشش کی  تاہم حفاظتی دستوں نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے  اسے ناکام بنادیا۔

ایرانی سیکورٹی فورس کی جوابی فائرنگ میں دو دہشت گرد زخمی ہوگئے جن میں سے ایک اسپتال جاتے ہوئے راستے میں ہلاک ہوگیا۔

رپورٹ کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے کئی کلاشنکوف اور دوسرے ہتھیار بھی برآمد ہوئے ہیں۔

 حرکت النضال، سعودی عرب کے حمایت یافتہ تکفیری دہشت گرد گروہ الاحوازیہ  کی ذیلی شاخ ہے اور اس کے  ہاتھ درجنوں بے گناہ ایرانی شہریوں کے خون سے رنگین ہیں۔

اس دہشت گرد گروہ نے بائیس ستمبر دوہزار اٹھارہ کو، ایران کی مسلح افوج کے قومی دن کے موقع پر جاری فوجی پریڈ دیکھنے والوں پر فائرنگ کردی تھی جس میں پچیس شہری شہید اور انہتر زخمی ہوگئے تھے۔

ٹیگس