Mar ۳۰, ۲۰۲۱ ۱۷:۰۵ Asia/Tehran
  • ایران اور ہندوستان کے وزرائے خارجہ کی باہمی تعلقات  کے فروغ پر تاکید

ایران اور ہندوستان کے وزرائے خارجہ نے علاقائی و عالمی حالات اور باہمی تعلقات کی تازہ ترین صورت حال کا جائزہ لیا-

ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے تاجیکستان میں ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے موقع پراپنی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ہندوستان کے وزیرخارجہ ایس جے شنکر سے بھی ملاقات کی ۔

اس ملاقات میں افغانستان کی تازہ ترین صورت حال اور افغانستان میں امن کےعمل میں بھرپور شراکت کی راہوں کا جائزہ لیا گیا۔

ہندوستان کے وزیرخارجہ نے اس ملاقات میں افغانستان کے سیاسی حالات میں ایران کے موثر اور تعمیری کردار کی تعریف کرتے ہوئے افغانستان میں امن و استحکام کو مضبوط بنانے میں علاقے کے ممالک خاص طور سے اسلامی جمہوریہ ایران اور ہندوستان کے تعاون کی ضرورت پر زور دیا ۔

اسلامی جمہوریہ ایران اور ہندوستان کے وزرائے خارجہ نے اس موقع پر اقتصادی و ٹرانزٹ تعاون کی تازہ ترین صورت حال کا جائزہ لیا اور ایران کے ساتھ تجارت کو فروغ دینے کے لئے ہندوستان کی آمادگی کے بارے میں بھی گفتگو کی۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف اتوار کی شام تاجیکستان کے دارالحکومت دوشنبہ پہنچے جہاں ہوائی اڈے پر تاجیکستان کے اعلی حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

وزیرخارجہ جواد ظریف کا یہ دورہ ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کرنے اور ایران و تاجیکستان کے درمیان تعلقات کے بارے میں گفتگو کرنےکی غرض سے انجام پایا ہے ۔

ٹیگس