امریکہ کے لیے پابندیوں کی لت سے نجات پانے کا بہترین وقت ہے، ایرانی وزیر خارجہ
ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے امریکہ کو خبردار کیا کہ وہ تہران کے خلاف غیر قانونی پابندیوں کو ہتھکنڈے کے طور پر استعمال کرنےسے باز رہے۔
اپنے ایک ٹوئٹ میں ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے امریکی صدر جو بائیڈن کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ہے کہ یہ بات انتہائی افسوسناک بھی ہے اور مضحکہ خیز بھی ہے کہ امریکی وزارت خارجہ ایران سے اس معاہدے کی پابندی کا مطالبہ کر رہی ہے جس کو ٹرمپ انتظامیہ نے دوہزار اٹھارہ میں ترک کردیا تھا۔
ایران کے وزیر خارجہ نے مزید لکھا کہ بائیڈن انتظامیہ بھی ٹرمپ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے غیر قانونی پابندیوں کوایک ہتھکنڈے کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔
وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اپنے ٹوئٹ میں پابندیوں کی امریکی لت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ گندی عادت سے چھٹکارا حاصل کرنا مشکل کام ہے تاہم اب اس لت سے چھٹکارا حاصل کرنے کا بہترین وقت ہے۔