عالمی مالیاتی فنڈ کےخلاف ایران کا سخت موقف
ایرانی مرکزی بینک کے سربراہ نے کہا ہے کہ توقع کی جاتی ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ، امریکہ کیجانب سے کسی بھی طرح کے امتیازی سلوک، دخل اندازی یا دباؤ کے بغیر جلد سے جلد ایران کی قانونی درخواست کا جواب دے۔
ایران کے مرکزی بینک کے سربراہ عبدالناصر ہمتی نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ اور عالمی بینک کے ورچوئل اجلاس سے خطاب میں مطالبہ کیا کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ، آئی ایم ایف، امریکہ کی دخل اندازی اور دباؤ کو نظرانداز کرکے ، جلد سے جلد ایران کی قانونی درخواست کا جواب دے گا۔
انھوں نے کہا کہ کورونا کے پھیلاؤ سے ترقی پذیر ممالک کی معیشت کو بہت بڑا نقصان پہنچا ہے اور ایران ان ممالک میں شامل ہے جو خطے میں اس عالمی وبا کے بُرے اثرات سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں ۔
ایران کے مرکزی بینک کے سربراہ عبدالناصر ہمتی نے ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کیجانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ پابندیوں اور زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنے کی پالیسی کے باوجود ایران نے کورونا وبا کا کامیابی کے ساتھ مقابلہ کیا ۔ انھوں نے کہا کہ ایران نے مسائل پر قابو پانے کے لئے اچھی حکمت عملی اختیار کی ۔
انھوں نے کہا کہ گزشتہ نو مہینے کے دوران، ایران کی معاشی شرح نمود دو اعشاریہ دو فیصد تھی تاہم دیگر ترقی پذیر ممالک کی طرح ایران کو بھی اپنی پالیسیوں کو آگے بڑھانے کیلئے مالی معاونت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ، بین الاقوامی مالیاتی اداروں کو بیماریوں کے منفی اثرات پر قابو پانے اور ان کی معاشی شرح نمو کو بحال کرنے کیلئے ضرورت مند ممالک کی مالی مدد کرنی ہوگی۔
عبدالناصر ہمتی نے کہا کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے اب تک پچاسی ممالک کو سو ارب ڈالر سے زیادہ کا قرضہ دیا ہے اور اس فنڈ نے مناپ خطے کے ممالک کو تقریبا سولہ ارب ڈالر کا قرض دیا ہے، لیکن ہنگامی فنڈ کی درخواست کرنے والے سر فہرست ممالک میں سے ایک یعنی ایران کو ابھی تک بغیر کسی معقول وجہ کے کسی قسم کا کوئی قرضہ نہیں دیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ پندرہ اکتوبر سن دو ہزار بیس کو امریکا کے سرکاری نوٹ میں، یو ایس گروپ کے سی ای او کو ہدایت دی گئی کہ وہ قرضہ کے حصول کیلئے ایران کی درخواست کی مخالفت کریں۔
ایران کے مرکزی بینک کے سربراہ نے اس اقدام کو بین الاقوامی قوانین کے خلاف قرار دیتے ہوئے کہا کہ توقع کی جاتی ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ، امریکہ کی ہر قسم کی مداخلت اور دباؤ کو نظرانداز کرتے ہوئے جلد سے جلد ایران کی قانونی درخواست کا جواب دے گا۔
واضح رہے کہ اس اجلاس میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے سربراہ سمیت مناپ (MENAP) کے علاقائی بینکوں کے وزرا اور مرکزی سربراہوں نے بھی حصہ لیا تھا ۔ مناپ سے مراد شمالی افریقہ اور مغربی ایشیا کے ممالک نیز افغانستان و پاکستان ہیں ۔