Apr ۰۳, ۲۰۲۱ ۲۱:۳۵ Asia/Tehran
  • بحری سیکورٹی کے لئے ایران و پاکستان کے درمیان فوجی تعاون

اسلامی جمہوریہ ایرانی بحریہ کے فرسٹ زون کے کمانڈر نے کہا ہے کہ ایران اور پاکستان کی بحریہ کے تعلقات و رابطوں کی سطح نہایت مطلوب ہے اور دونوں ہی امن و سیکورٹی کی برقراری کے سلسلے میں تعاون کر رہے ہیں-

اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ کےسینیئرکمانڈرجعفر تذکر نے بندرعباس میں ایرانی  بحریہ کے امامت نامی فرسٹ زون کی جیٹی پر پاکستانی بحری بیڑے کے لنگرانداز ہونے کے موقع پر کہا کہ پاکستانی بحری بیڑے کا یہ دورہ دنوں ملکوں کے درمیان ہونے والے سمجھوتے کے تناظر میں انجام پایا ہے اور اس بیڑے کے دورے کے اختتام پر ایک مشترکہ فوجی مشق انجام پائے گی ۔ انھوں نے کہا کہ اس طرح کے دورے اور باہمی اشتراک عمل میں اضافہ ، بحری تجارت اورجہازرانی کی سیکورٹی کے لئے مثبت اثرات کے حامل ہوتے ہیں۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ کے سینیئرکمانڈرنے کہا کہ اس طرح کے دوروں کے ذریعے ایران اور پاکستان کی بحریہ کے درمیان مشترکہ مشقوں کے انعقاد اور اس میں مزید اضافے کے سلسلے میں منصوبہ بندی کی جا سکتی ہے اور پاکستانی بحری بیڑے کے دورے کے اختتام پر مشترکہ فوجی مشقیں منعقد بھی ہوں گی ۔

پاکستان بحری بیڑا دو بحری جہازوں پرمشتمل ہے جو باہمی و دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لئے سنیچر کو بندر عباس کے ساحل پر پہنچا ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ کی جیٹی پر  لنگرانداز ہوا ہے ۔

پاکستانی بحریہ کے بیڑے کا ایرانی بحریہ کے حکام اور کارکنوں نے پرتپاک استقبال کیا ۔ پاکستانی بحری بیڑا تین سے چھے اپریل تک بندرعباس میں موجود رہے گا کہ جو علاقے اور اسلامی جمہوریہ ایران کے عوام کے ساتھ بھائی چارے اور محبت و دوستی کے پیغام کا حامل ہے ۔

پاکستانی بحری بیڑا بندرعباس میں اپنی موجودگی کے آخری دن اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ کے ساتھ مشرقی جزیرہ لارک تک کے علاقے میں مشقیں انجام دے گا۔

اس موقع پر پاکستانی بحریہ کے فلوٹیلا کے کمانڈر خان محمود آصف نے کہا کہ پاکستان اور ایران کی بحریہ کے درمیان رشتے  بہت ہی خوشگوار ہیں اور ہم اس رشتے کو مزید مستحکم بنانے کے لئے یہاں آئے ہیں-

 

ٹیگس