Apr ۰۶, ۲۰۲۱ ۱۷:۳۷ Asia/Tehran
  • ایران؛ ایک سو تینتیس  ایٹمی مصنوعات کی عنقریب رونمائی

ایرانی ماہرین کی تیار کردہ ایک سو تینتیس ایٹمی مصنوعات اور منصوبوں کی رونمائی آئندہ جمعے کو کی جائے گی۔

یہ بات ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی کے ترجمان بہروز کمالوندی نے نیوز ایجنسی اسنا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

ان کا کہنا تھا کہ نو اپریل کو ایٹمی توانائی کے قومی دن کے موقع پر ایک سو تینتیس ایٹمی مصنوعات کی رونمائی کی جائے گی جن میں جدید ترین سینٹری فیوج مشینیں بھی شامل ہیں۔

ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ایٹمی توانائی کے قومی دن کے موقع پر صدر حسن روحانی ویڈیو کانفرنس کے ذریعے، بارہ ایٹمی منصوبوں کا افتتاح بھی کریں گے جن میں، کوانٹم، لیزر، طب اور یورینیم افزودہ بنانے کے منصوبے شامل ہیں۔

بہروز کمالوندی نے مزید بتایا کہ اس موقع پر ملک میں پچھلے دس سال کے دوران ہونے والی ایٹمی ترقی کے بارے میں نمائش کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایٹمی ٹیکنالوجی کے قومی دن کے موقع پر انتہائی جدید قسم کی آئی آر نائن سینٹری فیوج مشینوں کی میکینکل آزمائش کی جائے گی جو یورینیم کی افزودگی کے حوالے سے انتہائی اہم پیشرفت ہے۔

قابل ذکر ہے کہ ایران میں ہر سال نو اپریل کو ایٹمی ٹیکنالوجی کا قومی دن منایا جاتا ہے۔

ٹیگس