ایران میں یورینیم کی افزودگی 60 فیصد تک
اسلامی جمہوریہ ایران نے یورینیم کی افزودگی 60 فیصد تک بڑھانے کے اقدام سے آئی اے ای اے کے سربراہ کو آگاہ کردیا ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے سینئرمذاکرات کار سید عباس عراقچی نے جو ایران جوہری معاہدے کے مشترکہ کمیشن کے اجلاس میں حصہ لینے کیلئے ویانا کے دورے پر ہیں 60 فیصد یورینیم کی افزودگی کا عمل شروع کئے جانے کا اعلان کیا ہے۔
نائب ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ انہوں نے عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے سربراہ "رافائل گروسی" کے نام ایک خط میں انھیں ایران میں یورینیم کی 60 فیصد افزودگی کے عمل سے آگاہ کردیا ہے۔
سید عباس عراقچی نے کہا کہ نطنز جوہری تنصیبات مبں متاثرہ مشینوں کی جگہ نئی مشینوں سمیت مزید ایک ہزار سینٹری فیوجز کو 50 فیصد زیادہ صلاحیت کیساتھ شامل کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ طے شدہ شیڈول کے مطابق، ایران اور 1+4 کے درمیان مذاکرات بدھ کے روز ہونے تھے تا ہم یورپی یونین کے ایک ممبر کے کورونا کا شکار ہونے اور صحت کی خرابی کی وجہ سے یہ مذاکرات اب جمعرات کو ہوں گے۔
واضح رہے کہ جوہری معاہدے کے مشترکہ کمیشن کا 18 واں اجلاس 2 اپریل کو ورچوئل طور پر منعقد ہوا اور ویانا میں ایران اور 1+4 گروہ کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ جاری رہے گا۔