امریکی پابندیوں کے باوجود ایران ترقی کے راستے پرگامزن
اسلامی جمہوریہ ایران ميگا پاور پلانٹ ٹرانسفارمر بنانے والے دس ملکوں میں شامل ہوگیا ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق مپنا انڈسٹریل گروپ کے منیجنگ ڈائریکٹرعباس علی آبادی نے کہا ہے کہ ایران نے بجلی کی صنعت میں کافی پیشرفت کی ہے اور وہ دنیا میں، بڑے پاورپلانٹ ٹرانسفارمر تیارکرنے والے 10 ممالک میں شامل ہو گیا ہے۔
عباس علی آبادی نے صوبے سمنان کے آریا ٹرانسفارمر انڈسٹریل گروپ میں تیار کردہ سب سے بڑے پاور پلانٹ ٹرانسفارمر کی رونمائی کی تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ دنیا کے صرف سات سے آٹھ ممالک نے بڑے ٹرانسفارمرز تیار کرنے کی ٹیکنالوجی حاصل کی اور آج ایران اس قسم کے ٹرانسفارمر کی رونمائی کرکے ان ترقی یافتہ ممالک میں شامل ہوگیا ہے۔
علی آبادی نے بجلی کی صنعت میں ایران کی بے پناہ صلاحیتوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم مقامی ماہرین کی کوششوں سے دیگر ملکوں کی ضروریات کو بھی پورا کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران، گزشتہ سالوں کے دوران، بڑے پاور پلانٹ ٹرانسفارمر کو دوسرے ملکوں سے برآمد کرتا تھا لیکن اب وہ ان کو اندرون ملک ہی تیار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
مپنا انڈسٹریل گروپ کے منیجنگ ڈائریکٹر نے کہا کہ بڑے پاور پلانٹ ٹرانسفارمرکی تیاری، نئے شمسی سال کے نعرے "پیداوار، حمایت اور رکاوٹوں کو دورکرنے" کو عملی جامہ پہنانے کی واضح مثال ہے۔
واضح رہے کہ 385 ایم وی اے اور 245 کے وی ولٹیج کی گنجائش رکھنے والا پاور پلانٹ ٹرانسفارمر کو ایران کے جنوبی شہراندیمشک کے دوکوہہ مشترکہ سائیکل پاور پلانٹ (کلاس ایف) کے گیس یونٹ میں نصب کیا گیا ہے۔