بجلی کے تبادلے اور توسیع کا امکان
ایران کے وزیر توانائی نے کہا ہے کہ ہمسائیہ ممالک کے ساتھ بجلی کے تبادلے کے لئے اسلامی جمہوریہ ایران کی موجودہ گنجائش کو بڑھانے کا امکان موجود ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر توانائی "رضا اردکانیان" نے تیل اور توانائی کلب کے ممبران سے منعقدہ ایک ویڈیو کانفرنس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور ہمسائیہ ممالک کے درمیان 3500 میگاواٹ بجلی کے تبادلے کی گنجائش موجود ہے کہ جسے 10 ہزار میگاواٹ تک بڑھایا جاسکتا ہے۔
اس موقع پر انہوں نے ہمسایہ ملکوں سے بجلی کے تبادلے میں اچھے اور تعمیری اقدامات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اب یہ تبادلہ ان تمام ممالک کیساتھ ممکن ہے جن کیساتھ ہماری زمینی سرحدیں ملتی ہیں۔
انہوں نے 2019 میں ایران اورعراق کے بجلی کے نظام سمیت آرمینیا- جارجیا اور آذربائیجان کے دو راستوں کے ذریعے ایرانی اور روسی بجلی کے نظام کی بیک وقت سپلائی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان میں سے جو بھی منصوبہ جلد از جلد نتیجے تک پہنچ جائے اس کا نفاذ کیا جائے گا۔
اردکانیان نے کہا کہ ایران- آذربائیجان- روس کا راستہ ایک قابل حصول راستہ ہے، اور تینوں ممالک کی رضامندی سے، ایرانی مشاورتی انجینئروں کو اس کام کے مطالعے، اور متعلقہ معاہدہ تیار کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے اور اس پر کام جاری ہے اور ہمیں امید ہے کہ یہ جلد از جلد یہ عملی شکل اختیار کرلے گا۔
انہوں نے کہا کہ روس اورعراق کیساتھ مذاکرات کے عمل کے ساتھ ساتھ، ایران - افغانستان مشترکہ اقتصادی تعاون کمیشن کی ذمہ داری کو وزارت توانائی میں منتقل کرنے کے پیش نظر، افغان فریق کیساتھ بات چیت بھی شروع ہوگئی ہے ۔