صیہونی حکومت کے تخریب کارانہ اقدامات پر اقوام متحدہ اور ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی کی خاموشی جرم ہے
ویانا میں بین الاقوامی اداروں میں ایران کے مستقل مندوب کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت کے تخریب کارانہ اقدامات کے سلسلے میں اقوام متحدہ اور ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی کی جانب سے کوئی اقدام عمل میں نہ لائے جانے کی وجہ سے اس غاصب اور غیر قانونی حکومت کو اور زیادہ شہ ملی ہے۔
ویانا میں بین الاقوامی اداروں میں ایران کے مستقل مندوب کاظم غریب آبادی نے آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل رافائل گروسی کے نام اپنے ایک مراسلے میں لکھا ہے کہ ایران کی نطنز ایٹمی تنصیبات کو دانستہ طور پر نشانہ بنایا جانا کہ جس کے نتیجے میں جوہری تابکاری اور ریڈیو اکٹیو مواد رسنے اور انسانی المیہ رونما ہونے کا بھرپور سنگین خطرہ پایا جاتا تھا، ایک مجرمانہ اقدم اور جوہری دہشت گردی ہے۔
انھوں نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ اس قسم کا بزدلانہ اقدام کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی ضرورت ہے اور اس اقدام میں براہ راست یا بالواسطہ طور پر ملوث ہونے والے ملک کو بھی اس دہشت گردانہ اقدام میں ساتھ دینے کا جواب دینا ہو گا۔
کاظم غریب آبادی کے مراسلے میں اس بات کا ذکر کیا گیا ہے کہ مغربی ایشیا کی تاریخ، غاصب صیہونی حکومت کے شرانگیز اور دہشت گردانہ و مجرمانہ اقدامات سے بھری ہوئی ہے اور یہ سارے اقدامات تمام بین الاقوامی اداروں اور تنظیموں اور خود آئ اے ای اے کی آنکھوں کے سامنے عمل میں لائے گئے ہیں۔ انھوں نے کہا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت، اپنی خلاف ورزیوں اور بعض اقدامات منجملہ بین الاقوامی معاہدوں اور قوانین کی خلاف ورزیوں پر ان حکومتوں کی خاموشی کی بنا پر جو ایٹمی تنصیبات کی سیکورٹی کے بارے میں اپنی تشویش کا اظہار کرتی رہی ہیں،
ہر قسم کے دہشت گردانہ اور مجرمانہ اقدام کو اپنا وطیرہ بنا چکی ہے۔
اس مراسلے میں تاکید کی گئی ہے کہ عالمی اداروں کے طرز عمل سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ اس طرح کا تخریبی اقدام بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی شمار ہوتا ہے۔
کاظم غریب آبادی نے تاکید کی ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کی جوہری دہشت گردی پر مشتمل اس طرح کے بزدلانہ اقدام سے، آگے کی طرف مزید تیزی سے بڑھنے اور متاثرہ سینٹری فیوج مشینوں کی جگہ جدید ترین سینٹری فیوج مشینوں کو نصب کرنے کے سلسلے میں ایران کا عزم و حوصلہ اور زیادہ مضبوط و مستحکم اور قوی ہو گا۔