Apr ۲۶, ۲۰۲۱ ۲۰:۵۸ Asia/Tehran
  • ایران نے کورونا کی بہترین، موثر اور پائیدار ویکسین تیار کرلی

ایرانی ماہرین نے کورونا کی سب سے بہترین، موثر اور پائیدار نتائج کی حامل کورونا ویکسین کی تیاری میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔

یہ بات ایران کے وزیر صحت ڈاکٹر سعید نمکی نے پاسچر انسٹی ٹیوٹ آف ایران اور فینلا انسٹی ٹیوٹ کیوبا کے باہمی اشتراک سے تیار کی جانے والی کورونا ویکسین کی انسانی آزمائش کے آخری مرحلے کے آغاز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےکہی ۔

 

  اصفہان یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز کے ابن سینا ہال میں منعقدہ اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے وزیر صحت ڈاکٹر سعید نمکی کا کہنا تھا کہ یہ اب تک کی سب سے بہترین، موثر اور پائیدار نتائج کی حامل کورونا ویکسین ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران ویکسین سازی کے حوالے سے آج دنیا کا سربلند ترین ملک ہے جبکہ کورونا ویکسین کی تیاری کے  میدان میں ہم اس خطے میں سب سے آگے ہیں۔ ایران کے وزیر صحت نے کہا کہ کورونا پاستور ویکسین کی آزمائش کے تیسرے مرحلے نے دنیا پر ثابت کردیا ہے کہ ہمیں اپنے کام پر پورا بھروسہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس ویکسین کے پہلے اور دوسرے مرحلے کے نتائج بہترین رہے ہیں جسکے بعد ہم نے تیسرے اور آخری مرحلے کی آزمائش کا فیصلہ کیا ہے۔

ڈاکٹر سعید نمکی نے مزید کہا کہ ایران تمام تر پابندیوں اور دباؤ کے باوجود، بندھے ہاتھوں مگر کھلی آنکھوں کے ساتھ، کورونا کو بڑی باریک بینی اور سائنسی طریقے سے ڈیل کر رہا ہے۔

ٹیگس