یوم ضربت امام علی ، یوم معلم اور یوم محنت کشاں کے موقع پر ٹیلی ویژن کے ذریعے قوم سے رہبرانقلاب اسلامی کا خطاب
رہبر انقلاب اسلامی نے ذاتی زندگی اور حکومت داری دونوں میں امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام کی پیروی کی تاکید فرمائی ہے۔
یوم ضربت امام علی ، یوم معلم اور یوم محنت کشاں کے موقع پر ٹیلی ویژن کے ذریعے قوم سے براہ راست خطاب کرتے ہوئے رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے مولائے متقیان حضرت علی علیہ السلام کی حیات طیبہ کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی۔
آپ نے فرمایا کہ ہمیں اپنی ذاتی زندگی میں بھی حکومت داری میں بھی آپ کی پیروی کرنا چاہیے جس میں ہم بہت پیچھے رہ گئے ہیں ۔
رہبر انقلاب اسلامی نے اپنے خطاب کے ایک اور حصے میں یوم اساتذہ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ اساتذہ کے کاندھوں پر ماضی کی میراث ، نئی نسل کو منتقل کرنے کی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
آپ نے فرمایا کہ اساتذہ کرام ملکی ترقی وپیشرفت کے ہراول دستے کے کمانڈر ہیں۔
عالمی یوم محنت کشاں کے حوالے سے رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ محنت کشوں کی مشکلات اور پریشانیوں کو سمجھنے اور انہیں دور کرنے کی ضرورت ہے ۔ آپ نے فرمایا کہ تمام محنت کشوں کو بیمہ اور جاب سیکورٹی حاصل ہونا چاہیے۔
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ انقلاب اسلامی ایران نے ملک کو مغربی ملکوں کے تسلط سے آزاد کرکے اس کو ایک خود مختار ملک میں تبدیل کردیا ہے۔ آپ نے فرمایا کہ مغربی ممالک بدستور ایران پر پہلے جیسا تسلط قائم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ایران کی پالیسیاں ان کی منشا کے مطابق ہوں، یہی وجہ ہے کہ جب ایران، چین اور روس جیسے ملکوں سے تعلقات کو فروغ دینے لگتا ہے تو انہیں برا لگتا ہے۔
رہبرانقلاب اسلامی نے ایران اور ہمسایہ ملکوں کے درمیان تعلقات کے فروغ میں امریکیوں کی جانب سے ڈالی جانے والی رکاوٹوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ متعدد بارایسا ہوا ہے کہ ہمسایہ ملکوں کے اعلی رتبہ وفد کے دورہ ایران کی امریکہ کی جانب سے مخالفت کی گئی ہے۔
رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ ایران امریکہ اور دیگر ملکوں کے مطالبات کے سامنے تسلیم نہیں ہوگا بلکہ پوری قوت کے ساتھ خارجہ تعلقات کو آگے بڑھائے گا۔