عالمی القدس کانفرنس کا آغاز ہوگیا
عالمی القدس کانفرنس ایران کے مقدس شہر قم میں آن لائن شروع ہوگئی ہے۔
ہمارے نمائندے کے مطابق آن لائن عالمی القدس کانفرنس میں ایران، فلسطین، ملائیشیا، ہندوستان، افغانستان، پاکستان، فرانس، ارجنٹائن، عراق، ترکی، چلی، متحدہ عرب امارات، لبنان، شام، برطانیہ، کینیڈا، اور تیونس سے تعلق رکھنے والے تیس دانشور اور علمائے کرام خطاب کریں گے۔
کانفرنس کے دوران کئی آن لائن اجلاس بھی منعقد کیے جائیں گے جن میں شریک ماہرین مسئلہ فلسطین کے حوالے سے مختلف مسائل اور معاملات کا جائزہ لیں گے۔
عالمی القدس کانفرنس بیک وقت فارسی، عربی اور انگریزی زبان میں براہ راست نشر بھی کی جائے گی۔
کانفرنس کے دوران بیت المقدس کے موضوع پربھی محفل شعر و سخن کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جس میں ایران، شام، لبنان، پاکستان اور ترکی سے تعلق رکھنے والے بعض شعرائے کرام شرکت کریں گے۔
کورونا وائرس کی وجہ سے عالمی یوم القدس کے اجتماعات محدود ہوجانے کے سبب اس کانفرنس کا آن لائن انعقاد انتہائی اہمیت اختیار کرگیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی رح نے رمضان المبارک کے آخری جمعے کو عالمی یوم القدس قرار دیا تھا۔