May ۲۳, ۲۰۲۱ ۲۱:۳۸ Asia/Tehran
  • شہید سلیمانی نے کورنیٹ میزائل غزہ کیسے پہنچائے، سید حسن نصر اللہ کا اہم انکشاف

اینٹی ٹینک کورنیٹ میزائل نے غزہ کی 12 روزہ جنگ میں اہم کردار ادا کیا اور علاقے  پر صیہونی حکومت کو زمینی حملے سے باز رکھا۔

فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق غزہ کے مزاحمت کاروں نے 12 روزہ جنگ کے دوران علاقے پر صیہونی حکومت کے وسیع حملوں کے جواب میں متعدد کورنیٹ اینٹی ٹینک میزائل فائر کئے جس کی وجہ سے صیہونی حکومت زمینی جنگ مسلط کرنے پر کامیاب نہیں ہو سکی کیونکہ اس کی متعدد بکتربند گاڑیاں حملے میں تباہ ہوگئی تھیں۔

الخبر الیمنی ویب سائٹ کے مطابق کورنیٹ میزائل کا استعمال، غزہ میں مزاحمت کاروں کے ساتھ زمینی جنگ شروع کرنے کے لئے صیہونی کمانڈروں کو پس و پیش میں مبتلا کر دیا۔

اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ یہ میزائل فلسطینی مزاحمت کاروں تک کیسے پہنچے؟ اس سوال کا جواب سید حسن نصر اللہ نے المیادین چینل سے گفتگو کے دوران دیا تھا۔

حزب اللہ لبنان کے سکریٹری جنرل سید حسن نصر اللہ کا کہنا ہے کہ کورنیٹ میزائل غزہ تک پہنچانے میں جنرل قاسم سلیمانی کا اہم کردار رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شامی وزارت دفاع نے اپنے پیسوں سے روس سے یہ میزائل خریدے تھے، یہ نہیں تھا کہ روس نے یہ ہتھیار ہم کو دیئے تھے، حزب اللہ نے صیہونی حکومت کے ساتھ 33 روزہ جنگ کے دوران ان میزائلوں کو استعمال کیا۔ جنرل قاسم سلیمانی ان افراد ميں تھے جو غزہ میں مزاحمت کاروں کو یہ میزائل دیئے جانے کے حامی تھے، میں نے بھی شامی صدر بشار اسد سے باصد احترام یہ مطالبہ کیا کہ یہ میزائل غزہ میں حماس اور جہاد اسلامی کے پاس پہنچ جائے۔ بشار اسد نے مجھ سے پوچھا کہ کیا یہ ممکن ہے کہ یہ میزائل غزہ پہنچ جائیں ؟ میں نے کہا جی ہاں، میں نے کہا کہ غزہ پہنچنے سے میرا مقصد حماس اور جہاد اسلامی کے پاس پہنچنا ہے، انہوں نے بھی کہا کوئی بات نہیں۔

سید حسن نصر اللہ کا کہنا تھا کہ شامی صدر کی موافقت کے بعد جنرل قاسم سلیمانی، قدس بریگیڈ اور حزب اللہ کے کچھ جوانوں نے مذکورہ میزائل غزہ پہنچا دیا۔

سید حسن نصر اللہ کا کہنا تھا کہ کورنیٹ میزائل غزہ کیسے پہنچے؟ اور کس نے خریدا اور کس کے ہاتھوں منتقل ہوئے؟ یہ ایک اہم آپریشن تھا۔ اس آپریشن میں جنرل سلیمانی شریک تھے۔

ٹیگس