محمد باقر قالیباف دوسری مرتبہ پارلیمنٹ کے اسپکر منتخب
محمد باقر قالیباف آج بدھ کے روز ایک بار پھر اسلامی جمہوریہ ایران کی مجلس شوریٰ اسلامی (پارلیمنٹ) کے اسپیکر منتخب ہوگئے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی گیارہویں پارلیمنٹ کا اجلاس آج صبح شروع ہوا جس میں اسپیکر کا انتخاب عمل میں آیا اورمحمد باقر قالیباف آج ایک بار پھراسلامی جمہوریہ ایران کی مجلس شوریٰ اسلامی (پارلیمنٹ) کے دوسرے سال کے لئے اسپیکر منتخب ہوگئے۔
ایرانی اراکین پارلیمنٹ نے آج دوسرے پارلیمانی سال کے نئے اسپیکر کے انتخاب کے لئے ووٹنگ میں حصہ لیا۔ موجودہ ایرانی اسپیکر محمد باقر قالیباف 230 ووٹ لے کر دوسرے پارلیمانی سال کے لئے بھی اسپیکر منتخب ہوگئے.
آج کی ووٹنگ میں محمد باقر قالیباف کے مد مقابل امیدوار فریدون عباسی دوانی تھے۔
علی نیکزاد اورعبدالرضا مصری ڈپٹی اسپیکر اول اورڈپٹی اسپیکر دوم منتخب ہوئے۔
واضح رہے کہ گزشتہ پارلیمانی سال کے موقع پراسپیکر کے لئے ہونے والی ووٹنگ میں پہلی مرتبہ تہران کے سابق میئر محمد باقر قالیباف 264 ووٹوں میں سے 230 ووٹ حاصل کر کے ایرانی پارلیمنٹ کے گیارہویں مرحلے کیلئے بھاری اکثریت سے اسپیکر منتخب ہوئے تھے۔ محمد باقر قالیباف اس سے قبل تہران کے میئر بھی رہ چکے ہیں۔