May ۲۷, ۲۰۲۱ ۱۹:۰۷ Asia/Tehran
  • شام میں دہشت گردوں کی حمایت اور انکی اچھے برے میں تقسیم بند کی جائے: ایران

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے شام میں اتحاد و یکجہتی اور اس ملک کی ارضی سالمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہاں دہشت گردوں کی حمایت بند اور ان دہشت گردوں کی اچھے اور برے میں تقسیم ختم ہونی چاہئے۔

شام سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے تشکیل پانے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے مستقل مندوب مجید تخت روانچی نے یہ مطالبہ دہرایا۔

انہوں نے کہا کہ ایران کے وزیر خارجہ نے اپنے حالیہ دورہ دمشق میں اس ملک کے صدر اور وزیر خارجہ کو شام میں اتحاد و یکجہتی اور اس ملک کی ارضی سالمیت کے تحفظ کے لئے اسلامی جمہوریہ ایران کی حمایت جاری رکھے جانے کا یقین دلایا ہے۔

مجید تخت روانچی نے کہا کہ ایران اپنے اس اصولی موقف پر قائم ہے کہ شام کا مسئلہ پرامن طریقے سے ہی حل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے شام کے علاقوں پر غاصبانہ قبضہ ختم اور اس ملک سے تمام ان غیر ملکی افواج کے انخلا کا مطالبہ کیا جو شامی حکومت کی اجازت کے بغیر اس ملک میں ڈیرہ ڈالے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شام کو تقسیم کرنے کی صیہونی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایران شام پر ہر قسم کی جارحیت کی مذمت کرتا ہے۔

ٹیگس