Jun ۰۲, ۲۰۲۱ ۰۱:۳۵ Asia/Tehran
  • ایٹمی معاہدے سے ہٹ کر کوئی مطالبہ تسلیم نہیں کریں گے، ایرانی مندوب

اقوام متحدہ کے ویانا آفس میں تعینات ایران کے مستقل مندوب کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ تہران ایٹمی معاہدے سے ہٹ کر کوئی مطالبہ قبول نہیں کرے گا۔

ویانا میں جاری مذاکرات کے بارے میں اپنے  ایک انٹرویو میں سید کاظم غریب آبادی کا کہنا تھا کہ مذاکرات اہم اور بنیادی معاملات تک پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران اپنی ایٹمی سرگرمیوں کے حوالے سے ایٹمی معاہدے  سے ہٹ کر کسی مطالبے کو قبول نہیں کرے گا۔

عالمی اداروں اور تنظیموں میں ایران کے مستقل مندوب  نے کہا ہے کہ پہلے تمام پابندیاں ختم کی جائیں اور اس بات کا اطمینان حاصل کیا جائے کہ پابندیاں عملی طور پر ختم ہوگئی ہیں پھر تہران ایٹمی معاہدے پر عملدرآمد دوبارہ شروع کرے گا۔

کاظم غریب آبادی نے کھل کر کہا کہ اگرچہ مذاکرات اہم اور بنیادی معاملات تک پہنچ گئے ہیں تاہم اس بات کا امکان موجود ہے کہ مذاکراتی وفود ضروری صلاح و مشورے کی غرض سے اپنے اپنے دارالحکومتوں کو واپس لوٹ جائیں۔ انہوں نے کہا کہ  یہ بات بڑی واضح ہے کہ جن معاملات پر بات چیت جاری ہے اگر وہ حل نہ ہوئے تو کسی سمجھوتے کا امکان نہیں۔

اس سے پہلے ایران کے سینیئر ایٹمی مذاکرات کار سید عباس عراقچی  نے بھی کہا تھا کہ ویانا مذاکرات میں اچھی پیشرفت ہوئی ہے اور  اہم اور بنیادی معاملات  پر بات چیت شروع ہوگئی ہے۔ تاہم انہوں نے کہا تھا کہ وہ یقین سے نہیں کہہ سکتے کہ  مذاکرات کا موجودہ  دور کسی حتمی نتیجے پر منتج ہوگا۔

 

ٹیگس