ایران پاکستان سرحد پر مشترکہ منڈیوں کی تعمیر شروع
Jun ۰۲, ۲۰۲۱ ۱۸:۳۰ Asia/Tehran
پاکستان کی وزارت تجارت نے ایران کے ساتھ مشترکہ سرحدوں پر تین منڈیوں کی تعمیر کا اعلان کیا ہے۔
پاکستانی وزیر اعظم کے مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد نے کہا ہے کہ یہ مشترکہ سرحدی منڈیاں صوبہ بلوچستان میں ایران کی سرحدوں کے قریب تعمیر کی جا رہی ہیں۔
عبد الرزاق داؤد کا کہنا تھا کہ مشترکہ سرحدی منڈیوں کے قیام کے معاہدے پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے حالیہ دورۂ تہران کے موقع پر دستخط کیے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ سرحدی منڈیوں کے قیام سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی لین دین کو فروغ اور سرحدی علاقوں میں رہنے والوں کی معاشی حالت کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
اس سے پہلے پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ ان کی حکومت ایران کے ساتھ قانونی تجارت کے فروغ پر توجہ دے رہی ہے اور چند ماہ کے اندر اندر سرحدی منڈیاں قائم کر دی جائیں گی۔