نورا کورونا ویکسین کا کلینیکل ٹیسٹ اپنے آخری مرحلے میں
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے میڈیکل شعبے کے سربراہ نے نورا ویکسین کے کلینکل ٹیسٹ کی خبر دی ہے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے میڈیکل شعبے کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل احمد عبد اللہی نے کورونا کا مقابلہ کرنے کے لئے سپاہ پاسداران کے تیار کردہ نورا ویکسین کے کلینیکل ٹیسٹ کے مرحلوں کے بارے میں کہا کہ کلینیکل ٹیسٹ کا آخری مرحلہ دوہزار افراد پر انجام پائے گا۔
سیکنڈ بریگیڈیئر جنرل عبد اللہی نے نورا ویکسین کی بڑی مقدار میں پیداوار شروع کئے جانے کے بارے میں کہا کہ اس سال کے آخر تک کلینیکل ٹیسٹ کا مرحلہ مکمل ہو جائے گا اور اس کے بعد اس کی پروڈکشن لائن شروع ہو جائے گی۔
قابل ذکر ہے کہ سپاہ پاسداران کے میڈیکل شعبے کے تیار کردہ نورا کورونا ویکسین کی رونمائی جولائی کے شروع میں کی گئی تھی۔ اس موقع پر سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر جنرل حسین سلامی، ایران کے وزیر صحت سعید نمکی اور دیگر سیاسی و عسکری حکام موجود تھے۔ نورا کورونا ویکسین کو تہران کے بقیۃ اللہ ہاسپیٹل اور امام حسین یونیورسٹی کے محققین اور سائنسدانوں نے سولہ مہینے کی کوشش سے تیار کیا ہے اور بدھ سے اس کا باقاعدہ کلینیکل ٹیسٹ شروع کر دیا گیا ہے۔