Jul ۰۸, ۲۰۲۱ ۱۷:۴۵ Asia/Tehran
  • پائیدار باہمی تعاون کے لئے ضروری ہے کہ صرف تہران نئی دہلی کے مفادات مد نظر ہوں: سید ابراہیم رئیسی

ایران کے نو منتخب صدر سید ابراہیم رئیسی نے ایران اور ہندوستان کے درمیان اقتصادی اور سیکورٹی تعاون میں فروغ کو بنیادی ترجیحات میں قرار دیا ہے

 ایران کے منتخب صدر حجت الاسلام والمسلمین سید ابراہیم رئیسی نے تہران میں ہندوستان کے وزیر خارجہ جے شنکر سے ملاقات میں کہا ہے کہ ایران اور ہندوستان کے تعلقات خاص طور سے اقتصادی روابط میں استحکام اور پائیداری کے لئے ضروری ہے کہ صرف تہران اور نئی دہلی کے مفادات کو بنیاد بنایا جائے۔

ایران کے نومنتخب صدر نے زور دے کر کہا کہ علاقے کے ممالک منجملہ دو اہم علاقائی بازیگر کی حیثیت سے ایران اور ہندوستان کی موجودگی سے ہی سب کو امن و سیکورٹی حاصل ہو سکتی ہے۔ سید ابراہیم رئیسی نے زور دے کر کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران افغانستان میں امن و استحکام کی حمایت کرتا ہے۔ ایران کے نو منتخب صدر نے کہا کہ اس وقت خود امریکیوں کو اس بات کا اعتراف ہے کہ ایران کے خلاف زیادہ سے زیادہ دباؤ کی پالیسی ناکام ہو چکی ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران پوری طاقت سے پیشرفت و ترقی کی جانب گامزن ہے۔ 

اس ملاقات میں ہندوستان کے وزیرخارجہ جے شنکر نے منتخب صدر سید ابراہیم رئیسی کو ہندوستانی وزیراعظم کا پیغام پہنچانے کے بعد کہا کہ دو نہایت قریبی علاقائی پارٹنر کی حیثیت سے ایران اور ہندوستان کے لئے مختلف چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے مقصد سے باہمی تعاون نہایت بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔ جے شنکر نے ایران کے نو منتخب صدر کو ہندوستانی وزیراعظم کی جانب سے نئی دہلی کا دورہ کرنے کی دعوت دی اور کہا کہ نریندر مودی نے سید ابراہیم رئیسی کے نام اپنے پیغام میں اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ آپ کے دور حکومت میں بھی ایران اور ہندوستان کے تعلقات میں فروغ کا سلسلہ جاری رہے گا۔

ٹیگس