ایران کے پارلیمانی وفد کا دورہ شام
شام کے وزیر خارجہ فیصل المقداد نے سیاسی، فوجی اور معاشی شعبوں میں ایران کے تعاون کی قدر دانی کی ہے۔
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سنا کے مطابق، فیصل المقداد نے دمشق میں ایرانی پارلیمانی وفد سے ملاقات کے موقع پر سیاسی، فوجی اور معاشی شعبے میں تہران دمشق تعاون کو سراہا اور شام کی حمایت کے لیے ایران کے اہم کردار کی قدردانی کی۔
اس ملاقات میں فریقین نے ایران اور شام کے عوام کے مفادات کے دفاع کے لئے پارلیمانی سفارت کاری کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ فریقین نے ایران اور شام کے خلاف جاری اقتصادی دہشت گردی کے سدباب کے لئے دوطرفہ معاشی تعلقات اور صلاحیتوں کو مستحکم کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
ایرانی پارلیمانی وفد کے سربراہ "عباس گلرو" نے مزید کہا کہ دمشق ہمیشہ مختلف لمحوں میں تہران کے ساتھ کھڑا ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات بہت اچھی سطح پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان گہرے تعلقات دوطرفہ معاشی اور ثقافتی تعلقات کی سطح کو بہتر کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ ایران شام پارلیمانی دوستی گروپ کے نائب چیئرمین عباس گلرو' ایرانی وفد کی سربراہی کر رہے ہیں۔