ٹوکیو اولمپیک میں ایران کے قومی ترانے کی گونج، پہلا طلائی تمغہ ایرانی کھلاڑی نے جیت لیا
اسلامی جمہوریہ ایران نے ٹوکیو اولمپیک میں ایئر پسٹل نشانے بازی کے مقابلے میں سونے کا تمغہ جیت لیا ہے۔
ٹوکیو اولمپیک میں ایران کے نشانے باز جواد فروغی نے ہفتے کو ایئر پسٹل شوٹنگ کا فائنل جیت کر سونے کا تمغہ حاصل کر لیا- نشانے بازی کے میدان میں اولمپیک مقابلوں کی تاریخ میں ایران کو ملنے والا یہ پہلا سنہرا تمغہ ہے- گولڈ میڈل جیتنے کے بعد ایرانی کھلاڑی جواد فروغی نے سجدہ شکر ادا کیا اور وہاں موجود سبھی کھلاڑیوں نے انہیں مبارکباد پیش کی- اس شاندار فتح کے بعد ایران کا قومی ترانہ بجایا گیا اور ایران کا پرچم فضا میں بلند کیا گیا۔
ایرانی کھلاڑی جواد فروغی نے اس سے قبل ابتدائی راؤنڈ میں پانچویں پوزیشن حاصل کرکے فائنل کے لئے کوالیفائی کیا تھا - فائنل میں ان کا مقابلہ ہندوستان ، چین ، جرمنی ، یوکرین اور صربیہ کے کھلاڑیوں سے ہوا۔
صربیہ نے چاندی اور چین نے کانسے کا تمغہ حاصل کیا - ٹوکیو اولمپیک میں ایران کے ٹیکوانڈو اور شمشیر بازی کے کھلاڑیوں کی جانب سے بھی اب تک بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا گیا ہے