Jul ۲۶, ۲۰۲۱ ۲۰:۰۰ Asia/Tehran
  • ایران مخالف پابندیوں کی پالیسی ناکام رہی ہے: جنرل سلامی

ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر جنرل سلامی نے کہا ہے کہ ایران کو شکست دینے کے لئے پابندیوں کی امریکی پالیسی ناکام رہی ہے۔

جنرل سلامی نے کہا کہ ایران کے خلاف عائد کی جانے والی پابندیوں کا مقصد ایران کو جھکنے پر مجبور کرنا رہا ہے مگر پابندیوں کی پالیسیوں کے نتیجے میں خود امریکہ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اور امریکہ ایران کے مقابلے میں ناکام رہا ہے۔

جنرل سلامی نے شام میں تباہی، لبنان میں تفرقہ انگیزی، عراقی عوام کے قتل عام، افغانستان میں غارتگری اور بحران و بدامنی کو ان ملکوں میں امریکہ کی فوجی موجودگی کا نتیجہ قرار دیا اور کہا کہ یہی دشمن، ایران کے بارے میں بھی ایسا ہی خواب دیکھ رہا تھا مگر ولایت کے وفادار ایرانی عوام نے امریکہ کا خواب چکناچور کر دیا۔

انھوں نے ایران کے مقابلے میں دشمنوں کی شکست و ناکامی میں ایرانی عوام کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے مختلف میدانوں میں باصلاحیت ایرانی نوجوان اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں جو ملک کی عزت و وقار کو اوپر لے جانے کے ساتھ ساتھ معاشرے کے اقتصادی مسائل کو دور کرنے کی توانائی رکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ عراق کی صدام حکومت کے حمایت یافتہ منافقین کے حملے کا مقابلہ کرنے کے لئے ایران کے صوبے کرمانشاہ میں مرصاد نامی کامیاب فوجی کاروائی ستائیس جولائی انیس سو اٹھاسی کو انجام دی گئی تھی اور اسی مناسبت کی سالانہ یاد میں منعقدہ ایک تقریب سے سپاہ پاسداران کے کمانڈر ان چیف جنرل حسین سلامی نے خطاب کیا۔

ٹیگس