ایران نے افغانستان سے ملنے والی سرحد بند کردی
اسلامی جمہوریہ ایران نے افغانستان کےساتھ ملنے والی سرحد بند کردی ہے
ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان کے معاون برائے سیکورٹی محمد ہادی مرعشی نے بتایا ہے کہ افغانستان کے صوبے نیمروز کے شہر زرنج میں جاری شدید جھڑپوں کے بعد ملک سے ملنے والی افغان سرحد کو بند کردیا گیا ہے۔
کہا جارہا ہے کہ افغانستان کے صوبے نیمروز کے صدر مقام زرنج میں طالبان اور سرکاری افواج کے درمیان گھمسان کی جنگ جاری ہے۔
گزشتہ شب طالبان نے زرنج کے بڑے علاقے پر قبضہ کرلیا تھا اور اس شہرکےسقوط کا امکان پیدا ہوگیا تھا تاہم کابل سے کمک پہنچنے کے بعد طالبان شہر سے پیچھے ہٹنے پر مجبور ہوگئے۔
ایران کے صوبہ سیستان بلوچستان کے معاون برائے سیکورٹی کا کہنا تھا کہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے سرحدوں اور پل ابریشم پر فوج اور بارڈر سیکورٹی فورس کے اہلکاروں کی تعداد میں اضافہ کردیا گیا ہے اور ہرقسم کی نقل و حرکت پر گہری نظر رکھی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کے ریکارڈ کے مطابق تجارتی سامان لیکر افغانستان جانے والے دو سو ستر ٹرک ، سلامتی کے ساتھ ایران واپس آگئے ہیں۔