سونے اور قیمتی پھتروں کی پیداوار میں ایران دنیا کے سات بڑے ممالک میں
سونے چاندی اور قیمتی پتھروں کی پیداوار اور برآمد کرنے والوں کی یونین کا کہنا ہے کہ اس وقت ایران سونے چاندی اور قیمتی پتھروں کی پیداوار اور انکی برآمدات کے سلسلے میں دنیا میں ساتواں بڑا ملک ہے۔
سونے چاندی اور قیمتی پتھروں کی پیداوار اور برآمد کرنے والوں کی یونین کے سربراہ سید حجت شفائی نے ایران پریس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سونے چاندی اور قیمتی پتھروں کی صنعت ہانگ کانگ، ترکی، تھائیلینڈ، ہندوستان، اٹلی، جنوبی کوریا اور ایران میں سرگرم عمل ہے۔
سید حجت شفائی کا کہنا تھا کہ سونے چاندی اور قیمتی پتھروں کی پیداوار اور برآمدات کے لحاظ سے ایران دنیا میں ساتویں جبکہ استعمال کے لحاظ سے پندرہوں نمبر پر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سونے چاندی اور غیر ملکی کرنسی کی قدر میں اتار چڑھاؤ کا اثر اس صنعت پربھی پڑا ہے جس کے باعث یہ صنعت قدرے انجماد کا شکار ہو گئی ہے۔
مذکورہ یونین کے سربراہ کے مطابق ایران میں سونے چاندی اور قیمتی پتھروں کی قریب اٹھارہ کانیں موجود ہیں جن میں سے پانچ زیادہ سرگرم ہیں اور انہیں باقی کی بنسبت زیادہ اہمیت حاصل ہے اور ان سے حاصل ہونے والے سونے کا زیادہ تر حصہ اندرون ملک استعمال میں لایا جاتا ہے۔
سید حجت شفائی کے کے مطابق دنیا میں موجود قیمتی پتھروں کے قدرتی ذخائر کا سترہ فیصد حصہ ایران میں موجود ہے، جس کے پیش نظر ایران انکی برآمدات میں ایک اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔