ایران کو نیا وزیر خارجہ مل گیا، عبد اللہیان نے اعتماد کا ووٹ حاصل کر لیا، دنیا بھر سے مبارکباد
ایران کے سینئر سفارتکار امیر عبد اللہیان نے پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ حاصل کر لیا اور وہ ملک کے اگلے وزیر خارجہ ہوں گے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر مملکت ڈاکٹر ابراہیم رئیسی نے مجوزہ وزیر خارجہ کے طور پر حسین امیر عبد اللہیان کا نام پارلمینٹ میں پیش کیا۔ پارلیمنٹ میں ووٹنگ کے دوران حسین امیر عبد اللہیان کے حق میں 270 ووٹ پڑے جبکہ 10 رکن پارلیمنٹ نے مخالفت کی تھی اور 6 رکن پارلیمنٹ نے ووٹنگ میں شرکت نہیں کی۔
ادھر پارلیمنٹ میں اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے بعد سابق وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے حسین امیر عبد اللہیان کو وزارت خارجہ کا عہدہ ملنے پر مبارک باد دی ہے۔
انہوں نے انسٹاگرام پر اپنے پیغام میں کہا کہ مجھے امید ہے کہ وہ وزارت خارجہ کے ملازمین میں محبوب شخصیت ہیں اور اپنے سنگین و حساس فرائض کی ادائیگی میں سبھی افراد اور گروہوں سے استفادہ کریں گے۔
دوسری جانب روس اور کویت کے وزرائے خارجہ نے حسین امیر عبد اللہیان کو وزیر خارجہ بننے پر مبارک باد دی ہے۔