Aug ۲۸, ۲۰۲۱ ۲۱:۲۸ Asia/Tehran
  • ایران، عراق کی سلامتی، آزادی، یکجہتی اور ارضی سالمیت کی حمایت کرتا ہے: وزیر خارجہ

ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہا ہے کہ ایران عراق کی سلامتی و آزادی و یکجہتی و ارضی سالمیت کی حمایت کرتا ہے۔

ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے ہفتے کے روز عراق کے لئے علاقائی حمایت کے زیر عنوان منعقدہ بین الاقوامی اجلاس سے خطاب میں کہا کہ دہشت گردی سے نجات یافتہ نئے عراق کو اس وقت تعمیرنو اور اندرونی استحکام میں، وسیع علاقائی تعاون کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پڑوسی ملکوں کی شرکت سے منعقدہ بغداد اجلاس علاقے کے ملکوں میں تعاون و مفاہمت پیدا کرنے کے لئے عراق کی کوششوں کا غماض ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اجلاسوں کے ذریعے علاقے میں خود مختاری، خوشحالی اور ترقی و پیشرفت کا مشاہدہ کیا جا سکتا ہے۔

حسین امیر عبداللہیان نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، عراق میں امن و استحکام، عزت و آزادی، ارضی سالمیت، قومی اقتدار اعلی کے تحفظ اور اس کی علاقائی و بین الاقوامی پوزیشن کے احیاء کی حمایت کرتا ہے اور اس ملک کے ساتھ دو طرفہ نیز علاقائی تعاون کے لئے مکمل طور پر تیار ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ایران، عراق کی حکومت اور عوام نیز داخلی سطح پر کئے جانے والے اس کے فیصلوں منجملہ اس ملک سے بیرونی طاقتوں کی افواج کے انخلا اور انتخابات کی حمایت کرتا ہے۔

ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران گفتگو اور علاقائی تعاون کی ترویج کا خیرمقدم کرتا ہے اور وہ علاقائی تعاون کو خطے میں امن و استحکام کی بنیاد سمجھتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت سب سے زیادہ جس چیز کی ضرورت ہے وہ علاقے کے ملکوں کے توسط سے خطے میں دیرپا امن کا قیام ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ علاقائی ملکوں کی مشارکت سے ہی امن و ترقی کے لئے اتحاد بنایا جاسکتا ہے۔

عراق کے وزیر اعظم نے بھی اجلاس سے خطاب میں کہا کہ بغداد حکومت کسی بھی پڑوسی ملک کے خلاف عراقی سرزمین کے استعمال کے خلاف ہے۔ مصطفی الکاظمی نے داعش دہشت گرد گروہ کے مقابلے میں عراق کی کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عالمی ادارے عراق میں سرمایہ کاری کی حمایت میں سنجیدہ ہیں۔

واضح رہے کہ بغداد میں ہفتے کے روز شروع ہونے والے دو روزہ بین الاقوامی اجلاس میں فرانس کے صدر امانوئل میکرون، مصر کے صدر عبد الفتاح السیسی، اردن کے شاہ عبداللہ دوم، امیر قطر شیخ تمیم بن حمد اور کویت کے وزیراعظم صباح خالد الحمد الصباح شریک ہیں جبکہ ایران، ترکی اور سعودی عرب نے بھی اس اجلاس میں وزرائے خارجہ کی سطح پر شرکت کی ہے۔ اس اجلاس میں متحدہ عرب امارات کی نمائندگی میں امارات کی حکومت کے سربراہ اور دبئی کے حکمراں بھی شریک ہوئے ہیں۔

ٹیگس