عراق و افغانستان میں امریکی سازشیں ناکام ہوچکی ہیں
ایران کے ریڈیو ٹی وی کے ادارے آئی آر آئی بی کے سربراہ نے کہا ہے کہ عراق و افغانستان میں امریکہ کے آنے کا مقصد ایران کو مرعوب کرنا تھا مگر اس کی سازشیں ناکام ہوچکی ہیں۔
آئی آر آئی بی کے سربراہ ڈاکٹر علی عسکری نے کہا ہے کہ امریکہ نے دوہزار ایک میں ایران کے مشرقی پڑوسی پر قبضہ کیا جس کا مقصد تہران کو خوف زدہ کرنا تھا لیکن افغانستان و عراق میں امریکی سازشیں ناکام ہوگئیں اور افغانستان سے ذلت آمیز انخلا سے ان کی شکست کی تصدیق ہوتی ہے۔
ڈاکٹر علی عسکری نے صوبہ مشرقی آذربائیجان میں آئی آر آئی بی کے متعدد منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر امریکہ ہارڈ وار میں ناکام ہوجاتا ہے تو سافٹ وار کے ذریعے اپنے اہداف کو آگے بڑھاتا ہے اور دشمن ہمارے خلاف سافٹ وار میں مصروف ہے اور ہمیں اس سلسلے میں بہت ہوشیاری سے کام لینا چاہئے۔
آئی آر آئی بی کے سربراہ نے زور دے کر کہا کہ ہم بھرپور پرامن دور سے گذر رہے ہیں تاہم سافٹ وار عروج پر ہے اور ہمیں سمجھنا چاہئے کہ سافٹ وار، ہماری ثقافت اور تشخص کے لئے خطرہ بنی ہوئی ہے۔
ڈاکٹر علی عسکری نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ سب ہی لوگ سافٹ وار کے مشکل حالات کو سمجھیں گے اور اس راستے پر عقلمندی سے آگے بڑھیں گے۔