ایرانی زائرین اربعین کی تعداد بڑھانے کے لئے عراق سے ایران کی درخواست
ایران کے وزیر خارجہ نے اربعین حسینی میں شرکت کے لئے ایرانی زائرین کی تعداد بڑھانے کے بارے میں ضروری اقدامات عمل میں لائے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے اپنے عراقی ہم منصب فواد حسین سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے اربعین حسینی میں شرکت کے لئے ایرانی زائرین کی تعداد بڑھانے کے بارے میں غور کرنے کے علاوہ دو طرفہ تعلقات، علاقائی مسائل اور اسی طرح بغداد اجلاس کے نتائج کے بارے میں بھی بات چیت کی۔
انھوں نے اس بات چیت میں کورونا پروٹوکول کے تحت اربعین حسینی میں شرکت کے لئے مزید ایرانی زائرین کو ویزا جاری کئے جانے کی خواہش کا اظہار کیا اور تعداد بڑھائے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔
اس گفتگو میں عراق کے وزیر خارجہ نے بھی اس بات کا یقین دلایا کہ وہ اپنے ملک کے اعلی حکام سے اس مسئلے پر بات چیت کریں گے اور جائزہ لئے جانے کے بعد نتیجے سے باخبر کریں گے۔